کویت اردو نیوز ستمبر 07 اکتوبر: متحدہ عرب امارات میں معمولات زندگی بحال ہونا شروع ہوگئی ہے جس پر ہم اللہ تعالٰی کا شکر ادا کرتے ہیں: ولی عہد ابوظبی
تفصیلات کے مطابق ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے کرونا وائرس کی وَبا پر قابو پا لیا ہے اور اب زندگی معمول کی جانب لوٹ رہی ہے۔ یواے ای کی سرکاری خبررساں ایجنسی وام کی ویب سائٹ پر جاری کردہ ایک ویڈیو پیغام میں شیخ محمد نے کہا ہے کہ ’’ہم نے کووِڈ19 کے بحران پر قابو پالیا ہے اور ہم نے اس تجربے سے بہت سے سبق سیکھے ہیں۔ یواے ای میں معمولاتِ زندگی بحال ہونا شروع ہوگئے ہیں اس پر ہم اللہ تعالیٰ کے شکرگزار ہیں۔‘‘ یواے ای میں اگست کے بعد سے کووِڈ19 کے
یومیہ کیسوں کی تعداد میں تیزی سے کمی واقع ہوئی ہے۔منگل کے روز یو اے ای کی وزارتِ صحت نے گذشتہ 24 گھنٹے میں کروناوائرس کے صرف 176 نئے کیسوں کی اطلاع دی تھی۔ گذشتہ ایک سال کے دوران میں ایک دن میں پہلی مرتبہ کرونا وائرس کے اتنی کم تعداد میں کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ یواے ای نے 22 ستمبر کو بعض علاقوں کے لیے لازمی ماسک پہننے کے ضابطے میں بھی نرمی کردی تھی۔
امارت ابوظبی نے گذشتہ روز ہی طلبہ کو کرونا وائرس کی ویکسین لگوانے کی شرح کی بنیاد پراسکولوں کو مرحلہ وار دوبارہ کھولنے کی اجازت دے دی ہے۔ دبئی میں گذشتہ جمعہ کو عالمی نمائش 2020ء کا آغاز ہوچکا ہے اوردنیا بھر سے زائرین اس نمائش کو دیکھنے کے لیے آرہے ہیں اور آئندہ چھ ماہ کے دوران میں مزید ہزاروں زائرین بھی آئیں گے۔ واضح رہے کہ کرونا وائرس کی وبا کی وجہ سے یو اے ای اور بالخصوص دبئی کی معیشت بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے لیکن اب یہ بتدریج بحالی کی جانب گامزن ہے۔