کویت اردو نیوز 14 مارچ: سلطنت عمان کی جانب سے غیرملکیوں کی ویزا فیس میں 89 فیصد کمی کا اعلان کر دیا گیا جس کا اطلاق یکم جون 2022 سے ہو گا۔
عمانی میڈیا کے مطابق سلطان ہیثم بن طارق نے سرکاری خدمات کی قیمتوں کے تعین سے متعلق اہم شاہی فرمان میں ہدایات جاری کی کہ غیر ملکیوں کی طرف سے قابل ادا ویزا فیس میں 85 فیصد سے زیادہ کمی کی جائے۔ متعلقہ وزارت کی طرف سے آن لائن جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یکم جون 2022 سے غیر ملکی افرادی قوت کی بھرتی کے لیے لائسنس جاری کرنے اور تجدید کرنے کی فیس میں 89 فیصد تک کمی کا اطلاق ہوگا۔ خلیجی ریاست عمان کے سلطان ہیثم بن طارق نے گزشتی روز اتوار کو متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی کہ وہ ملک میں غیر ملکی افرادی قوت کی بھرتی سے متعلق
فیسوں میں کمی کریں جبکہ اس فیصلے کا اطلاق تارکین وطن کے ورک پرمٹ کے اجراء اور تجدید دونوں پر ہو گا جبکہ عمانائزیشن کوٹہ (عمانی شہریوں کو ملازمت پر رکھنے) پر پابند کمپنیوں کے لیے ورک پرمٹ کی فیس بھی 89 فیصد سے کم کر دی گئی ہے۔ غیر ملکی افرادی قوت کی بھرتی کے لیے لائسنس جاری کرنے اور تجدید کرنے کی نئی فیسیں درج ذیل ہیں۔
پہلا درجہ اعلیٰ عہدوں کے لیے نئی ورک پرمٹ فیس دو سال کی مدت کے لیے 301 عمانی ریال (پہلے 2001 عمانی ریال) ہوگی جبکہ اگر کمپنی عمانائیزیشن فیصد کو پورا کرتی ہے تو شرح 211 عمانی ریال تک کم ہو جائے گی۔
دوسرا درجہ مڈ پوزیشنز، سپیشلائزڈ اور ٹیکنیکل پوزیشن ورک ویزا فیس کو کم کر کے 251 عمانی ریال (پہلے 1001 عمانی ریال سے 601 عمانی ریال) کر دیا گیا ہے جبکہ اگر کمپنیاں عمانائزیشن کوٹہ کو پورا کرتی ہیں تو شرح کم کر کے 176 عمانی ریال کر دی جائے گی۔
یاد رہےکہ گزشتہ سال سلطنت عمان کی وزارت محنت نے غیرملکی شہریوں کو ملازمت دینے والی کمپنیوں پر زیادہ فیسیں عائد کیں تھیں۔