کویت اردو نیوز،17اگست: آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کو متعدد شعبوں کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے مگر برطانیہ میں اسے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیورز کو پکڑنے کے لیے استعمال کیا گیا ہے۔
برطانیہ کے علاقے کورن وال میں اے آئی کیمرا سسٹم نے ابتدائی 3 دنوں میں قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے 300 کے قریب ڈرائیورز کو پکڑا ہے۔
زیادہ تر ڈرائیورز موبائل فون استعمال کر رہے تھے یا انہوں نے سیٹ بیلٹ کو پہنا نہیں تھا۔
اے آئی روڈ سیفٹی کیمرا سسٹم کو ابھی کورن وال کے قریب اے 30 نامی شاہراہ پر استعمال کیا جا رہا ہے۔
مقامی پولیس کے مطابق اگرچہ یہ کیمرے اے آئی ٹیکنالوجی کی مدد سے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو شناخت کرتے ہیں، مگر تمام تصاویر کا جائزہ ایک فرد لیتا ہے۔
یہ سسٹم تیز رفتار گاڑیوں پر نظر رکھنے کے لیے لگائے گئے متعدد کیمروں کو استعمال کرتا ہے اور انفراریڈ فلیش، لینسنگ اور فلٹرنگ سسٹم کے ذریعے گاڑیوں کی واضح تصاویر ریکارڈ کرتا ہے۔
ان تصاویر کا تجزیہ اے آئی سافٹ وئیر کرتا ہے اور ممکنہ خلاف ورزیوں پر انہیں ایک فرد کو تجزیے کے لیے بھیجتا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق جرم کی نوعیت کو مدنظر رکھ کر ڈرائیورز کو وارن کرتا ہے۔