کویت اردو نیوز،18اگست: ہندوستان نے تاریخ میں پہلی بار متحدہ عرب امارات کو تیل کی ادائیگی انڈین روپے میں کر دی ہے۔
بھارتی حکومت نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ بھارت اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مقامی کرنسی میں باہمی تجارت کا آغاز ہوچکا ہے جس کے تحت بھارت نے پہلی بار متحدہ عرب امارات کو 10 لاکھ تیل کے بیرلز کی ادائیگی انڈین روپے میں کردی ہے، جسکی تصدیق متحدہ عرب امارات میں بھارتی سفارتخانے نے اپنے جاری بیان میں بھی کی ہے۔
یہ لین دین متحدہ عرب امارات کے سونے کے برآمد کنندہ کی جانب سے بھارت میں خریدار کو تقریباً 12 کروڑ 84 لاکھ روپے (1.54 ملین ڈالرز) میں 25 کلو گرام سونا فروخت کرنے کے بعد ہوا ہے۔
بھارت نے جولائی میں معاہدہ طے کیا تھا جس کے نتیجے میں متحدہ عرب امارات کے ساتھ تجارت کی ادائیگی ڈالرز کے بجائے روپے میں کرنے پر اتفاق ہوا تھا، اس معاہدے کی بدولت ڈالر سے روپے میں تبدیلی کو ختم کرکے لین دین کے اخراجات کو کم کرنے کی بھارتی کوششوں کو تقویت ملی۔
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے دورہِ متحدہ عرب امارات کے دوران دونوں ممالک نے ’ریئل ٹائم پیمنٹ لنک‘ قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا تاکہ سرحد پار رقم کی باآسانی منتقلی کی سہولت فراہم کی جاسکے۔