کویت اردو نیوز ، 1 نومبر 2023: آئی سی سی ورلڈ کپ میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ کے دوران فلسطین کا جھنڈا لہرایا گیا۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں منگل کو ایڈن گارڈنز میں آمنے سامنے ہوئیں جہاں قومی ٹیم نے یکطرفہ مقابلے میں بنگال ٹائیگرز کو 7 وکٹوں سے شکست دی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر (X) پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو اور تصویر میں 3 افراد ایک میز پر چڑھ کر فلسطینی پرچم لہراتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
واقعے پر آئی سی سی کی جانب سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا تاہم میڈیا رپورٹس کے مطابق مقامی حکام نے واقعے کے سلسلے میں 4 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔
کل کے پاکستان بمقابلہ بنگلہ دیش کے میچ میں 67,000 کی گنجائش والے ایڈن گارڈنز میں 27,940 افراد کی حاضری دیکھنے میں آئی۔
دوسری جانب ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ گرفتار کرکٹ شائقین کا تعلق بنگلہ دیش سے ہے یا بھارت سے۔
کولکتہ پولیس کے ذرائع کے مطابق ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ چاروں افراد، جن کی عمریں 20 سال ہیں، غزہ میں حماس کے خلاف جاری جنگ میں اسرائیل کے خلاف احتجاج کر رہے تھے اور انہوں نے اس احتجاج کے لیے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان بین الاقوامی میچ کا انتخاب کیا۔