کویت اردو نیوز : ابوظہبی کے محکمہ ٹریفک نے مصنوعی ذہانت کا استعمال کرتے ہوئے خطرناک ڈرائیوروں کی خلاف ورزیوں کی ریکارڈنگ شروع کر دی ہے۔
ایمریٹس ڈیلی کے مطابق محکمہ ٹریفک کے تحت ’سیف سٹی‘ سینٹر کے ڈائریکٹر انجینئر احمد الشمسی نے بتایا کہ شاہراہوں پر ’خطرناک ڈرائیور سسٹم‘ استعمال کیا جا رہا ہے۔ اس کے تحت خودکار نظام کے تحت خطرناک ڈرائیوروں کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جاتی ہے۔ یہ کام جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے خود بخود ہو رہا ہے۔
الشمسی نے کہا کہ محکمہ ٹریفک نے مصنوعی ذہانت سے لیس کیمرے نصب کیے ہیں۔ ان کے ذریعے معلوم ہوتا ہے کہ ڈرائیونگ کے دوران موبائل استعمال کیا گیا یا نہیں۔ اس کے علاوہ ڈرائیوروں کا اچانک مڑنا یا فٹ پاتھ کے کونوں کا استعمال یا گاڑیوں کے درمیان ضروری فاصلہ نہ رکھنا جیسی سرگرمیاں نوٹ کی جاتی ہیں۔
الشمسی نے نشاندہی کی کہ ابوظہبی ٹریفک پولیس گاڑیوں کی مختلف خلاف ورزیوں کو ریکارڈ کرنے کے لیے ڈیجیٹل سسٹم کی مدد لے رہی ہے، اس کے تحت زائد المیعاد پرمٹ والی گاڑیوں اور ٹرکوں کے ڈرائیوروں کی جانب سے کی جانے والی خلاف ورزیوں کو پکڑا جا رہا ہے۔
ابوظہبی کے محکمہ ٹریفک نے نشاندہی کی ہے کہ ‘مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی کی مدد سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ چھ خلاف ورزیاں جان لیوا حادثات کا باعث بن رہی ہیں۔ ان میں ڈرائیور کا اچانک مڑ جانا، گاڑیوں کے درمیان مناسب فاصلہ برقرار رکھنے میں ناکامی، ڈرائیور کا سڑک سے ہٹ جانا (موبائل یا کوئی اور وجہ)، ریڈ سگنل توڑنا، معمولی سڑک سے بڑی سڑک کی طرف مڑنا اور رفتار کی حد نہ رکھنا شامل ہیں ۔