کویت اردو نیوز: سوشل میڈیا پر ایک کم عمر فلسطینی وی لاگر کی ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں وہ اسرائیلی بمباری کے دوران بھی ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ویڈیو بنا رہا ہے۔
غزہ میں 7 روزہ عارضی جنگ بندی کے بعد اسرائیلی فوج نے دوبارہ بمباری شروع کردی ہے۔ بمباری کے دوران کم عمرفلسطینی وی لاگر رمضان محمود کی بہادری سے مسکراتے ہوئے ویڈیو گردش کر رہی ہے۔
رمضان محمود اپنے مداحوں سے بات کرنے کے لیے اپنے انسٹاگرام پر ویڈیو بنا رہے تھے کہ پس منظر میں اسرائیلی بمباری کی آوازیں سنائی دیں۔
وی لاگر اس وقت بالکل بھی خوفزدہ نظر نہیں آئے لیکن ویڈیو میں مسلسل مسکراتے رہے، رمضان کی اس ویڈیو پر لوگ ان کی ہمت کی تعریف کر رہے ہیں۔
فلسطینی بچے نے جمعہ کے روز یہ ویڈیو بنائی جس میں اس نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو جمعہ کی مبارکباد بھی دی۔
یاد رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی فوج کی بمباری میں 15 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔قطر اور مصر کی ثالثی میں اسرائیل اور حماس کے درمیان 24 نومبر کو غزہ میں عارضی جنگ بندی کا معاہدہ طے پایا تھا۔
جنگ بندی کے بعد یکم دسمبر کو دوبارہ بمباری شروع ہوئی جس میں جمعہ کی صبح سے شام تک شہدا کی تعداد 109 ہوگئی۔