کویت اردو نیوز : میٹا نے فیس بک اور انسٹاگرام کے درمیان میسجنگ فیچر ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
میٹا کی جانب سے 2020 میں ایک کراس ایپ میسجنگ فیچر متعارف کرایا گیا تھا، لیکن اس منصوبے کا اعلان 2019 میں کیا گیا تھا۔
اس وقت میٹا نے ایک بیان میں کہا تھا کہ انسٹاگرام، واٹس ایپ اور فیس بک میسنجر کو ضم کر دیا جائے گا، تاکہ صارفین ایک پلیٹ فارم سے دیگر ایپس کے صارفین کے ساتھ چیٹ کر سکیں۔
یہ سلسلہ انسٹاگرام اور میسنجر میں کراس میسجنگ فیچر سے شروع کیا گیا تھا تاہم اب اسے ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انسٹاگرام ہیلپ سنٹر کے صفحے نے بتایا کہ کراس میسجنگ فیچر دسمبر 2023 کے وسط میں مرحلہ وار ختم کر دیا جائے گا۔
کمپنی نے فی الحال یہ نہیں بتایا کہ آخر یہ فیصلہ کیوں کیا گیا؟
لیکن 9 ٹو 5 گوگل کی ایک رپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ یہ امکان EU کے ڈیجیٹل مارکیٹ ایکٹ (DMA) کی وجہ سے ہے۔
واضح رہے کہ ڈی ایم اے کے تحت ٹیکنالوجی کمپنیوں کو چیٹ پورٹیبلٹی کو فعال کرنا ہوتا ہے۔
اس تبدیلی کے بعد کسی بھی میسجنگ ایپ جیسے واٹس ایپ کے صارفین دیگر ایپس جیسے ٹیلی گرام اور سگنل وغیرہ پر بھی دوستوں کے ساتھ چیٹ کر سکیں گے۔
ڈی ایم اے ایکٹ کے تحت میٹا واٹس ایپ میں چیٹ پورٹیبلٹی فیچر متعارف کروانے کا امکان ہے۔
ستمبر میں یہ خبریں بھی آئی تھیں کہ واٹس ایپ میں تھرڈ پارٹی چیٹ فیچرز کا تجربہ کیا جا رہا ہے۔
ڈی ایم اے ایکٹ 6 مارچ 2024 سے نافذ العمل ہوگا۔