کویت اردو نیوز : سعودی وزارت سیاحت کی تحقیقاتی ٹیموں نے مقررہ سہولیات فراہم نہ کرنے پر مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں 330 ہوٹلوں اور فرنشڈ اپارٹمنٹس کو بند کر دیا ہے ۔
اخبار 24 کے مطابق، وزارت سیاحت نے کہا کہ "تفتیشی ٹیموں نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں ہوٹلوں اور فرنشڈ اپارٹمنٹس کے 4000 سے زیادہ تفتیشی دورے کیے ہیں۔”
تحقیقاتی ٹیموں نے 2 ہزار سے زائد خلاف ورزیاں ریکارڈ کیں جہاں سیاحت کی مقررہ سہولیات فراہم نہیں کی گئیں۔
قوانین پر عمل درآمد کرتے ہوئے نوٹس جاری کیے گئے جبکہ سنگین خلاف ورزیوں پر ہوٹلوں کو بھی بند کر دیا گیا۔
مکہ مکرمہ میں 280 اور مدینہ منورہ میں 50 سے زائد ہوٹل اور قیام گاہیں بند کر دی گئیں۔
انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ خلاف ورزیاں دور کیے بغیر ہوٹل نہیں کھولے جا سکتے۔
وزارت نے سیاحتی خدمات فراہم کرنے والوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سیاحوں کو معیاری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں بصورت دیگر ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
اس سلسلے میں، وزارت نے شکایات درج کرانے کے لیے ایک ٹول فری نمبر 930 مقرر کیا ہے جس پر کسی ایسے ہوٹل یا اپارٹمنٹ کے بارے میں شکایت درج کروائی جا سکتی ہے جہاں مقررہ سہولیات فراہم نہیں کی جاتی ہیں۔