کویت اردو نیوز : سعودی وزارت اسلامی امور کے سیکرٹری ڈاکٹر سعود الغامدی کا کہنا ہے کہ گزشتہ پانچ سالوں میں 347,646 افراد نے اسلام قبول کیا۔
عاجل نیوز کے مطابق ڈاکٹر سعود الغامدی نے سعودی ٹی وی چینل ون سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے مختلف علاقوں میں قائم 457 دعوتی انجمنیں کام کر رہی ہیں جہاں 423 دعوتی خدمات فراہم کی جاتی ہیں۔
2019 ء میں 21 ہزار 654، 2020 میں 41 ہزار 441، 2021 میں 27 ہزار 333، 2022 میں 93 ہزار 899 اور 2023 میں 1 لاکھ 63 ہزار 319افراد نے اسلام قبول کیا ہے۔
اس سے قبل سعودی وزارت اسلامی امور نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ مکہ مکرمہ حدود حرم میں مساجد کے لیے مخصوص اراضی کی دستیابی سے متعلق سوشل میڈیاپر چلنے والی خبریں بے بنیاد ہیں۔
اخبار عکاز کے مطابق وزارت اسلامی امور نے اس جانب توجہ مبذول کرائی ہے کہ ان دنوں سوشل میڈیا پر یہ خبریں گردش کر رہی ہیں کہ مکہ مکرمہ کے حدود حرم میں مساجد کی تعمیر کے لیے اجازت شدہ پلاٹ دستیاب ہیں۔ یہ محض ایک افواہ ہے اور اس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔