کویت اردو نیوز : روزہ دار کو دن بھر متحرک رکھنے کے لیے سحری کے دوران وافر مقدار میں پانی کا استعمال بہت ضروری ہے۔کئی مطالعات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ کم از کم 2 لیٹر پانی پینا گرمی کے روزے کے دوران جسم کو ہائیڈریٹ رکھنے میں مدد دیتا ہے ، اس کے علاوہ پانی سے بھرپور غذائیں جیسے کھیرا، ٹماٹر کا سلاد، اور رس دار پھل استعمال کرنے چاہئیں ۔
سحری میں مصالحے، نمک اور چینی کو کم سے کم استعمال کرنے سے پیاس کم ہوتی ہے۔کھانے کی چیزوں میں موجود سوڈیم بھی پورے جسم میں پانی کو متوازن رکھنے میں مدد دیتا ہے لیکن جب آپ نمکین غذائیں کھاتے ہیں تو جسم کے خلیوں سے پانی خارج ہوتا ہے، جس سے آپ کو پیاس لگتی ہے۔
سحری کا کھانا ہلکا لیکن غذائیت سے بھرپور ہونا چاہیے، ماہرین کے مطابق ایسی غذائیں کھائیں جن میں فائبر کی مقدار زیادہ ہو تاکہ یہ غذائیں آپ کو دن بھر توانائی فراہم کریں۔
ماہرین سحری کے وقت سیب اور کیلے کھانے کا مشورہ دیتے ہیں کیونکہ ان دونوں میں کیلوریز کم ہوتی ہیں اور ضروری غذائی اجزاء جیسے فائبر، وٹامن سی ، مختلف اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتے ہیں جو لوگوں کو متحرک رکھتے ہیں۔
مناسب نیند صحت مند رہنے کے لیے سب سے اہم پہلوؤں میں سے ایک ہے، اگر آپ بھی سحری تک جاگتے ہیں تو اس عادت کو چھوڑ دیں اور رمضان کے مہینے میں فجر کی نماز سے 40 سے 50 منٹ پہلے بیدار ہونے کی عادت ڈالیں ۔
ماہرین کا ماننا ہے کہ انسانی جسم کو صبح کھائے جانے والے پہلے کھانے کو ہضم کرنے کے لیے وقت درکار ہوتا ہے، دوسری جانب اگر آپ سحری کے آخری 5 سے 10 منٹ کے دوران کھانے پینے کی چیزیں کھاتے ہیں تو یہ غذائیں ہضم نہیں ہوسکتیں، اس لیے اس عادت سے گریز کریں۔