کویت اردو نیوز : 55 سال کی عمر کے بعد فالج کا خطرہ اور بھی بڑھ جاتا ہے۔ذیابیطس، ہائی بلڈ پریشر، موٹاپا ، ہائی کولیسٹرول بھی فالج کا خطرہ بڑھا دیتے ہیں ، لیکن روزانہ جسمانی سرگرمیاں کرکے فالج کا خطرہ کافی حد تک کم کیا جاسکتا ہے۔
یہ بات اٹلی میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی ہے کہ تھوڑی سی ورزش کرنا کچھ نہ کرنے سے بہتر ہے۔اس تحقیق میں 75 لاکھ افراد پر 15 تحقیقی رپورٹس کا تجزیہ کیا گیا جنہوں نے ہر قسم کی جسمانی سرگرمیوں کے اثرات کا مطالعہ کیا۔
محققین نے کہا کہ "ہم نے تحقیقی رپورٹس کا ایک منظم جائزہ لیا اور پایا کہ مختصر مدت کی جسمانی سرگرمیاں بھی فالج کے خطرے کو کم کرتی ہیں”۔
زیادہ دیر تک بیٹھنا بہت سی دائمی بیماریوں کے خطرے کو بڑھانے کے لیے جانا جاتا ہے، بشمول موٹاپا، دل کی بیماری، ٹائپ 2 ذیابیطس، اور فالج۔
درحقیقت تھوڑی سی ورزش بھی، جیسے چند منٹ کی چہل قدمی یا سیڑھیاں چڑھنا، فالج کا خطرہ 10 سے 30 فیصد تک کم کر سکتا ہے۔
تحقیق کے مطابق ہلکی ورزش سے اسکیمک اسٹروک کا خطرہ 13 فیصد کم ہوجاتا ہے۔تحقیق میں بتایا گیا کہ کم سے کم ورزش بھی فالج کا خطرہ کم کرتی ہے، چاہے عمر کچھ بھی ہو۔
تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ اگر آپ اعتدال سے ورزش کرتے ہیں تو آپ کے فالج کا خطرہ 33 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔