کویت اردو نیوز 12 جنوری: عُمان میں نئے ولی عہدکے تقرر اور پارلیمان کے کام سے متعلق نئے قانون کا اجرا کر دیا گیا ہے۔
خلیجی سلطنت عُمان کے سلطان ہیثم بن طارق آل سعید نے پہلی مرتبہ نئے ولی عہد کے تقرر اور پارلیمان کے کام سے متعلق نئے بنیادی قانون کا اعلان کیا ہے۔
عُمان کی سرکاری خبررساں ایجنسی او این اے کے مطابق اس نئے قانون میں شہریوں کو مزید آزادیاں اور حقوق کی ضمانت دینے میں ریاست کے کردار پر زوردیا گیا ہے۔ سلطان ہیثم بن طارق نے ایک سال قبل ہی عُمان کے سلطان قابوس بن سعید کی وفات کے بعد اقتدار سنبھالا تھا۔ مرحوم سلطان نے اپنے کسی ولی عہد کو نامزد نہیں کیا تھا اور اپنے جانشین کا نام ایک سر بہ مہر لفافے میں تجویز کیا تھا۔ یہ لفافہ ان کی وفات کے بعد کھولا گیا تھا۔
عُمانی سلطان کے جاری کردہ نئے قانون کے تحت ولی عہد کے تقرر اور اس کے فرائض منصبی کا میکانزم وضع کیا گیا ہے۔تاہم رپورٹ میں یہ نہیں بتایا گیا ہے کہ عُمان کا نیا ولی عہد کون ہوگا اور نہ اس ضمن میں مزید تفصیل فراہم کی گئی ہے۔
نئے ضابطے میں میں قانون کی حکمرانی اور عدلیہ کی آزادی کو عُمان میں نظم ونسق کی اساس قرار دیا گیا ہے