کویت اردو نیوز 14 جولائی: بھارتی ڈیلیوری ڈرائیور کا قتل کرنے والے کویتی شہری نے اعتراف جرم کرلیا، شہری نشے کا عادی نکلا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ فوجداری تحقیقات (CID) کے اہلکاروں نے ٹیلیفون کمپنی میں ڈلیوری ڈرائیور کے طور پر کام کرنے والے ایک بھارتی شہری کے قتل کے الزام میں بیس سالہ ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔ دوران تفتیش ملزم نے بتایا کہ ٹیلی فون گھر پہنچانے کے بعد ڈیلیوری ڈرائیور نے فون کے لئے رقم ادا کرنے کا مطالبہ کیا جس پر ملزم نے رقم ادا کرنے سے انکار کیا اور مقتول کو موٹرسائیکل حوالے کرنے کے لئے کہا لیکن مقتول نے انکار کیا اور اپنی موٹرسائیکل پر سوار ہوگیا۔ ملزم نے غصے اور نشے کی حالت میں مقتول کے سر پر
بھاری چیز سے وار کیا جس کے نتیجے میں بھارتی شہری اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ ایک سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ابو فطیرہ میں اپنے گھر کے سامنے جرم کرنے کے بعد ملزم فرار ہوگیا اور تفتیش کے نتیجے میں پولیس الاندلس کے نواحی علاقے میں اس کے ٹھکانے تک پہنچی۔
ذرائع نے ابتدائی تفتیش کے دوران بتایا کہ ملزم نے متاثرہ شخص کے سر پر مارنے کا اعتراف کیا۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مبینہ قاتل نے اپنی رہائش گاہ تک سامان کی فراہمی کے بعد رقم ادا کرنے سے انکار کیا تھا۔ وہ مبینہ طور پر مطلوبہ آرڈر حاصل کرنے کے بعد بھارتی ڈیلیوری ڈرائیور کو قتل کرکے فرار ہوگیا۔ ملزم کے خلاف پہلے بھی اس طرح کے تین مقدمات درج کیے گئے تھے اور آخری کیس ڈلیوری مین کے قتل کا درج کیا گیا۔ تفتیش کے دوران پتہ چلا کہ ملزم نشے کا عادی ہے تاہم اس کے خلاف قانونی کارروائی کے لئے مجاز حکام کے پاس بھیج دیا گیا ہے۔