کویت اردو نیوز 15 جولائی: سابق صدر پاکستان ممنون حسین کی وفات پر امیر کویت نے موجودہ صدر پاکستان کو تعزیت کا پیغام بھیجا۔
تفصیلات کے مطابق امیر کویت عزت مآب شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح نے سابق صدر مملکت ممنون حسین کی وفات پر دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کو تعزیت کا مراسلہ ارسال کیا جبکہ نائب امیر کویت و ولی عہد شہزادہ شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح اور وزیر اعظم شیخ صباح الخالد نے بھی صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کو اسی طرح کے تعزیتی مراسلے بھیجے یاد رہے کہ پاکستان کے سابق صدر ممنون حسین گذشتہ رات
عرصہ دراز سے کینسر جیسی بیماری سے لڑتے ہوئے کراچی کے نجی اسپتال میں انتقال کر گئے تھے جہاں وہ گزشتہ دو ہفتوں سے زیر علاج تھے۔ ممنون حسین 2013 سے 2018 تک پاکستان کے صدر رہے اور ان کا شمار مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنماؤں میں ہوتا تھا۔ ممنون حسین پاکستان کے 12 ویں صدر رہے اس کے علاوہ وہ گورنر سندھ بھی رہے تھے۔