کویت اردو نیوز 20 جولائی: عیدالاضحٰی کی نماز کے لئے کھیلوں کے میدانوں و یوتھ مراکز کے 32 مقامات جبکہ 261 مساجد کو خواتین کے لئے مختص کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق مساجد کے شعبے کی نمائندہ وزارت اوقاف اور اسلامی امور نے شہریوں اور رہائشیوں کے لئے عیدالاضحٰی کی نماز ادا کرنے کے لئے کھیلوں کے میدانوں اور یوتھ مراکز سمیت 32 سے زیادہ عوامی مقامات کو نماز عیدالاضحٰی کے لئے مختص کیا جبکہ کویت کے مختلف گورنریوں میں 261 سے زیادہ مساجد میں خواتین کو نماز عید کی ادائیگی کی اجازت دی گئی۔ مساجد سیکٹر کے لئے وزارت اوقاف کے اسسٹنٹ سیکرٹری بدر ترکی العیطبی نے عیدالاضحٰی کی نماز کے قیام سے متعلق گورنریٹس کے مساجد کے محکموں کے ڈائریکٹرز کو
ایک سرکلر جاری کیا جس میں انہوں نے متنبہ کیا کہ نماز عید صبح 05:16 پر ان تمام مساجد میں ادا کی جائے گی جن میں جمعہ کی نماز منعقد ہوتی ہے نیز ایسی تمام مساجد میں خواتین کو داخلے کی اجازت ہو گی جن میں خواتین کی عبادت کے لیے وافر جگہ میسر ہو گی۔
کویت میں آج نماز عید کا انعقاد کھیلوں کے میدانوں ، یوتھ مراکز اور مختلف مساجد میں کیا گیا جن میں خواتین کے لئے علیحدہ علیحدہ جگہیں مختص کی گئیں جبکہ وزارت کے جاری کردہ سرکلر کے مطابق خطبہ اور نماز عید کا دورانیہ 15 منٹ سے زیادہ نہیں کیا گیا۔ مساجد ، کھیلوں کے میدان و یوتھ مراکز میں صحت سے متعلق ضروریات بشمول ماسک پہننا ، ذاتی قالین کا استعمال کرنا اور نمازیوں کے مابین جسمانی فاصلہ کا خاص خیال رکھا گیا۔
خواتین کو نماز عید کی اجازت دئیے جانے سمیت عوامی عبادت گاہوں ، کھیلوں کے میدانوں ، یوتھ مراکز سمیت کل 32 عبادت گاہوں کو نماز عید کے لئے مختص کیاگیا جن میں احمدی گورنریٹ میں 7، الجہرہ 10 ، فروانیہ 3 ، دارالحکومت 4 اور مبارک الکبیر میں 8 عبادت گاہیں شامل تھیں۔
مساجد کے شعبے نے 261 سے زیادہ مساجد کو خواتین کی نماز عید ادا کرنے کے لئے مختص کیا جن میں احمدی گورنریٹ میں 48 ، الجہرہ میں 44 ، فروانیہ میں 6 ، دارالحکومت میں 102 ، مبارک الکبیر میں 14 جبکہ حولی میں 47 مساجد شامل تھیں۔