کویت اردو نیوز 14 اگست: بیرون ممالک پھنسے دبئی کے رہائشیوں کے ویزوں میں توسیع کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق بیرونِ ممالک پھنسے دبئی کے وہ رہائشی جن کے رہائشی ویزے کی میعاد ختم ہوچکی تھی ان کے ویزوں میں خودکار نظام کے ذریعے توسیع کردی گئی ہے۔ مشکل میں پھنسے رہائشیوں کے لئے دبئی کی حکومت کی طرف سے یہ بہت بڑی سہولت فراہم کی گئی ہے جس کے بعد رہائشیوں نے راحت کی سانس لی ہے۔ بدھ کے روز دبئی میں کال سینٹر میں کام کرنے والے ملازم نے خلیج ٹائمز کو بتایا کہ جو لوگ بیرون ملک پھنسے ہوئے ہیں اور ان کے ویزوں کی میعاد ختم ہوچکی ہے، ان کو ایک ماہ کی مہلت کے علاوہ ان کے ویزوں
میں 9 دسمبر تک خودکار توسیع کردی گئی ہے۔ تاہم متحدہ عرب امارات کا سفر کرنے سے پہلے انہیں سفر سے پہلے GDRFA کی منظوری کے لیے درخواست دینا ہوگی اور حکومت کے مقرر کردہ دیگر تمام RT-PCR ٹیسٹنگ (ریپڈ ٹیسٹ) پروٹوکول پر عمل پیرا ہونا ہوگا۔
دوسری جانب ٹریول ایجنٹوں نے بھی تصدیق کی کہ ان کے صارفین کو خودکار ویزا کی توسیع دی گئی ہے لیکن یہ سہولت صرف دبئی کے رہائشی ویزا ہولڈرز کو دی گئی ہے اس کے علاوہ وہ رہائشی جو متحدہ عرب امارات سے چھ ماہ سے زائد عرصے تک باہر ہیں وہ بھی واپس آ سکتے ہیں تاہم دیگر امارات میں رہائشیوں کی حیثیت فوری طور پر واضح نہیں کی گئی ہے۔