کویت اردو نیوز 04 ستمبر: ٹوکیو میں جاری پیرالمپکس میں پاکستان نے تاریخ کا پہلا طلائی تمغہ اپنے نام کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سے تعلق رکھنے والے حیدر علی نے ٹوکیو میں جاری پیرالمپکس مقابلوں میں ڈسکس تھرو کے کھیل میں پہلی پوزیشن حاصل کر کے طلائی تمغہ جیت لیا ہے۔ پاکستان کی جانب سے پہلی بار کسی ایتھلیٹ نے پیرالمپکس میں طلائی تمغہ حاصل کیا ہے۔ گجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے 35 سالہ حیدر علی اپنی چوتھی پیرالمپکس میں شرکت کر رہے ہیں اور وہ اس سے قبل پاکستان کے لئے بیجنگ 2008 پیرالمپکس میں چاندی کا تمغہ اور ریو 2016 پیرالمپکس میں
کانسی کا تمغہ جیتنے کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔ انہوں نے یہ دونوں تمغے لانگ جمپ کے مقابلوں میں حاصل کئے تھے۔ حیدر علی نے فتح کے بعد اپنے پیغام میں اپنے رب تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے اپنےمداحوں، پاکستان سپورٹس بورڈ، پنجاب سپورٹس بورڈ اور نیشنل پیرالمپکس کمیٹی سمیت تمام متعلقہ اداروں کی حمایت پر شکریہ ادا کیا اور اپنا میڈل پاکستان کے نام کیا۔