کویت اردو نیوز 27 فروری: ھلا فبرائر (کویت کے قومی دن اور یوم آزادی) کے موقع پر یوتھ ونگ اسلامک ایجوکیشن کمیٹی نے اس دن کو نوجوانوں کے لیے پر مسرت بنانے کے لیے ایک مختصر ٹیپ بال کرکٹ ٹورنامنٹ کا اہتمام کیا جس میں کویت کی چار بہترین ٹیموں نے حصہ لیا۔ ٹورنامنٹ میں آٹھ آٹھ اوورز کے کل تین میچ کھیلے گئے۔
ٹورنامنٹ کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کی سعادت طحٰہ کے حصے میں آئی۔ پہلا میچ فائٹر الیون اور عنصر الیون کے درمیان کھیلا گیا جس میں ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد فائٹر الیون تین سکور سے فاتح رہی۔ دوسرا میچ فروانیہ فالکنز اور کلیم برادرز کے درمیان کھیلا گیا جو کہ کلیم برادرز نے جیت لیا۔ فائنل فائٹرز الیون اور کلیم برادرز کے درمیان کھیلا گیا۔
کلیم برادرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ آٹھ اوورز میں 115 رنز سکور کیے جس کے جواب میں فائٹرز الیون کی ٹیم مقررہ آٹھ اوورز میں صرف 90 رنز کر سکی اس طرح یہ فائنل میچ کلیم برادرز کی ٹیم نے 25 رنز سے جیت لیا۔ کلیم برادرز کے بیٹسمین محمد نبیل دونوں میچوں میں مین آف دی میچ قرار پائے۔
ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی چاروں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو میڈلز اور ھلا فبرائر کے سوینئیرز پیش کیے گئے اور چاروں ٹیموں کو ان کی پوزیشن کے حساب سے ٹرافیاں بھی دی گئیں۔
تقریب کے مہمان خصوصی (صدر اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت اور سرپرست اعلی یوتھ ونگ جاوید اقبال اور جنرل سیکرٹری اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت نثار احمد تھے جنہوں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر پاکستانی کمیونٹی کی ممتاز شخصیات اور پاکستانی میڈیا نمائندگان بھی موجود تھے۔ حاضرین اور حصہ لینے والی ٹیموں کے کھلاڑیوں نے اپنے تاثرات دیتے ہوئے کہا کہ یوتھ ونگ نے اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے ایک خوبصورت اور منظم ٹورنامنٹ کا انعقاد کر کے تقریبا دو سال کے عرصے کے بعد پاکستانی نوجوانوں اور عوام کو ملاقات کا موقع دیا ہے۔
کھلاڑیوں اور کمیونٹی کی ممتاز شخصیات نے امید ظاہر کی کہ یوتھ ونگ اپنی روایت کو قائم رکھتے ہوئے مستقبل میں بھی ایسے ایونٹس کا انعقاد کرتی رہے گی۔
مہمان خصوصی جاوید اقبال نے ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی تمام ٹیموں کا شکریہ ادا کیا اور ان کے کھیل کی تعریف کی۔ انہوں نے یوتھ ونگ کے نوجوانوں کی کاوشوں کی تعریف کی اور انہیں ایک منظم اور کامیاب ٹورنامنٹ کے انعقاد پر مبارکباد بھی پیش کی۔ آخر میں انہوں نے ہی اپنے دعائیہ کلمات کے ساتھ اس تقریب کا اختتام کیا۔
ٹورنامنٹ کے دوران تمام کھلاڑیوں اور مہمانوں کی ناشتے سے تواضع کی گئی جس کا انتظام یوتھ ونگ کے سرکردہ نوجوانان ذیشان علی اور شہزاد صابر نے کیا تھا۔