کویت اردو نیوز 29 مارچ: پاکستان کی روئیت ہلال ریسرچ کونسل نے ماہ رمضان کے پہلے روزے اور یکم شوال (عید الفطر) کی تاریخوں کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق روئیت ہلال کونسل کے سیکریٹری جنرل خالد اعجاز مفتی نے سائنسی شواہد کی بنیاد پر اعلان کیا ہےکہ پہلا روزہ 3 اپریل جبکہ عید الفطر 3 مئی کو منائی جائے گی۔ ریسرچ کونسل کے مطابق غروب آفتاب اور غروب قمر کے درمیان فرق مظفر آباد، گلگت اور پشاور میں 70 منٹ، راولپنڈی ، اسلام آباد 69 ، لاہور 68 ، کوئٹہ 69 ، کراچی میں 67 منٹ ہو گا جس علاقے میں بھی مطلع صاف ہو گا۔ رمضان المبارک کا آغاز اتوار 3 اپریل سے ہو گا جبکہ شوال کا چاند ہفتہ 30 اپریل اور اتوار یکم مئی کی درمیانی رات1:28 پر پیدا ہو گا۔ ریسرچ کونسل کے مطابق یکم مئی 29 رمضان المبارک کی شام
غروب آفتاب کے وقت نئے چاند کی عمر پاکستان کے تمام علاقوں میں 18 گھنٹوں سے بھی کم ہو گی نیز غروب آفتاب اور غروب قمر کا درمیانی فرق 40 منٹ سے کم ہوگا لہٰذا پاکستان میں ہلال کی روئیت اس شام ٹیلی اسکوپ سے بھی ممکن نہیں ہو گی۔ اس طرح یکم شوال المکرم یعنی عید الفطر 30 روزے مکمل کرنے کے بعد منگل 3 مئی کو ہوگی۔