کویت اردو نیوز 5جون:سعودی عرب نے پاکستان اور 5 دیگر ممالک کے عازمین کے لیے ’’روڈ ٹو مکہ‘‘ سہولت متعارف کراوائی ہے۔
وزارت کے مطابق روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کی سہولت اس سال اسلام آباد، لاہور اور کراچی ایئرپورٹس پر عازمین حج کو دستیاب ہوگی۔ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہلے ہی 2019 سے جدید ترین سہولت سے لطف اندوز ہو رہا ہے جسے حجاج کرام نے بے حد سراہا ہے۔
سیکرٹری مذہبی امور سردار اعجاز احمد خان جعفر نے اپنے حالیہ دورہ سعودی عرب کے دوران سعودی حکام کو پاکستان کا دورہ کرنے اور ملک کے دیگر ہوائی اڈوں پر روڈ ٹو مکہ کی سہولت کو وسعت دینے پر آمادہ کیا۔
منصوبے کی کامیاب توسیع کے بعد متعلقہ حکام تینوں ہوائی اڈوں پر زائرین کے سفری دستاویزات اور سامان کی اسکریننگ کے علاوہ کسٹم اور امیگریشن کے عمل کو مکمل کریں گے۔
اس موقع پر سعودی عرب وزارت داخلہ نے خوشخبری سنائی ہے کہ 5 ممالک کے عازمین حج کے لیے ’’روڈ ٹو مکہ‘‘ سہولت کا آغاز ہوگیا ہے۔ ان ممالک میں پاکستان بھی شامل ہے۔
پاکستان کے علاوہ اس سہولت سے مستفید ہونے والے ممالک میں بنگلادیش، ملائیشیا، مراکش اور انڈونیشیا شامل ہیں۔ یہ سہولت صرف بیرون ملک سے آنے والے عاز مین حج کے لیے مختص ہوتی ہے۔
سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ روڈ ٹو مکہ کی سہولت کے حامل ممالک کے عازمین حج کو ان کے ممالک میں ہی امیگریشن کی سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں۔ اس مشق سے سعودی ہوائی اڈوں پر تقریباً 10 سے 12 گھنٹے کا وقت بچانے میں مدد ملے گی۔
کرونا کے بعد پہلی مرتبہ حجاج کرام بڑی تعداد میں مکہ روانہ ہو رہے ہیں۔اس سے قبل گزشتہ دو برسوں سے صرف سعودیہ میں مقیم غیر ملکی ہی حج کا فریضہ ادا کر سکتے تھے۔