کویت اردو نیوز 01 جولائی: سلطنت عمان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے عمانی ماہی گیروں کی واپسی کی خوشی میں پر وقار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کا اہتمام سابق چیئرمین پاکستان سوشل کلب نے المروج ہوٹل میں کیا۔
سلطنت عمان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے عمانی ماہی گیر علی الجعفری اور سالم الجعفری جنہیں 10 دن سمندر میں لاپتہ رہنے کے بعد پاکستان بحریہ نے ڈھونڈ نکالا تھا کے ساتھ اپنے وطن عمان میں محفوظ واپسی کا جشن منانے کے لیے ایک تقریب کا اہتمام کیا۔ علی اور سالم جن کا تعلق شرقیہ کے علاقے الاشخرہ سے ہے 9 جون کی صبح ماہی گیری کے سفر کے لیے نکلے تھے لیکن وہ مچھلی پکڑنے کے لیے بہت دور تک سمندر میں چلے گئے۔ شام 5 بجے کے قریب جب انہوں نے اپنے گھر کا سفر شروع کیا تو
ان کی کشتی کا انجن فیل ہو گیا جبکہ ان کے موبائل فونز کی بیٹری بھی ختم ہو گئی جس کی وجہ سے ان کے پاس کسی کے ساتھ رابطے کا کوئی ذریعہ نہیں تھا۔ مون سون کے موسم کی وجہ سے ان کی کشتی چھ دن تک مغربی ساحل کی طرف چلی گئی یہاں تک کہ
ان کی کشتی سمندری حدود کے پڑوسی ملک پاکستان کی حدود میں پہنچ گئی جہاں پاکستان کی ماہی گیری کی ایک کشتی نے 9 ویں دن انہیں دیکھا اور انہیں بچایا۔
آخر کار نو دن کے بعد علی اور سالم کے بچاؤ کے بارے میں ان کے گھر والوں اطلاع دی گئی اور دونوں کو گھر واپس بھیج دیا گیا۔ دوسری جانب شاہی عمان پولیس اور کوسٹ گارڈ دونوں کی جانب سے ایک بڑا سرچ آپریشن کیا گیا۔
پاکستان سوشل کلب کے سابق چیئرمین میاں محمد منیر نے المروج ہوٹل میں ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا۔ مہمان خصوصی میں راشد عبداللہ الغیلانی ممبر مجلس شوریٰ اور کیپٹن کاشف فرحان شامل تھے جو کہ عمان میں پاکستان کے سفارت خانے میں دفاعی اتاشی ہیں جبکہ کمیونٹی کے سینئر ممبران اور دیگر معززین کو بھی اس تقریب میں مدعو کیا گیا تھا۔ الغیلانی نے حکومت پاکستان اور پاک بحریہ کے بھرپور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ کیپٹن کاشف فرحان نے کہا کہ ” دونوں قومیں صرف پڑوسی نہیں بلکہ بھائی ہیں”۔
قونصلر امجد ملک نے یقین دلایا کہ وہ عمان فشرمین ایسوسی ایشن کو ان کے آئندہ دورہ پاکستان کے لیے ویزے فراہم کریں گے۔ ایسوسی ایشن کے ممبران ماہی گیروں کے عملے کے ساتھ پاک بحریہ کے حکام سے ملاقات کریں گے جنہوں نے علی اور سالم کو ڈھونڈا اور بچایا۔