کویت اردو نیوز 04 جولائی: متحدہ عرب امارات نے تیل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے پیش نظر ماہانہ بنیادوں پر ٹیکسیوں کے کرایوں میں تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے۔ اس امر کا اعلان امارات روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے کیا ہے۔
یہ اعلان امارات میں تیل کی قیمتوں میں تازہ اضافے کے بعد سامنے آیا ہے۔ تیل کی قیمت میں ماہ جولائی کے لیے کیا گیا اضافہ عالمی سطح پر قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے کیا گیا ہے تاکہ مقامی قیمتوں کو عالمی منڈی کی قیمتوں کے ساتھ ہم آہنگ کیا جا سکے۔ امارات میں ان نئے قواعد کے مطابق ٹیکسی اور دوسری ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافہ یا کمی تیل کی قیمتوں کے مطابق ادل بدل کی جا سکیں گی۔ نئے فیصلے کے مطابق ٹرانسپورٹ باڈی کرایوں میں فی کلومیٹر کے حساب سے تبدیلی کر سکے گی تاکہ تیل کی قیمتوں میں عامی اور مقامی سطح پر تیل کی قیمتیں بڑھنے سے
ٹرانسپورٹ سے متعلقہ شعبہ زیر بار نہ آجائے۔ واضح رہے اس وقت امارات میں ٹیکسی کا فی کلومیٹر کرایہ 3.27 ڈالر فی کلومیٹر مقرر ہے۔ کرایوں کا تعین فی کلومیٹر تیل کی لاگت کے مطابق کیا جائے گا۔
متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ کرایوں میں اضافی تیل کی قیمتوں میں عالمی سطح پر اضافے اور ٹرانسپورٹ سے متعلق اخراجات دونوں کے مطابق کیا جائے گا۔ آج کل فیول پرائس کمیٹی ماہانہ بنیادوں پر قیمتوں کا تعین کر رہی ہے۔
تیل کی قیمتوں میں اس سال پانچویں اضافے نے تیل پیدا کرنے والے دوسرے ممالک کے ساتھ ان میں دی جانے والی سبسڈی کے باعث فرق میں اضافہ کر دیا ہے۔ خیال رہے کہ اس وقت کویت کے مقابلے میں متحدہ عرب امارات میں تیل کویت کے مقابلے میں تین گنا مہنگا ہے جبکہ خلیجی ممالک کے مقابلے میں فی لٹر تیل دو گنا مہنگا ہے۔