کویت اردو نیوز 15 ستمبر: سینئر سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سول سروس کمیشن نے کویتی باشندوں کو دو ملازمتوں میں کام کرنے کی اجازت دینے کی تجویز کو منظوری دے دی ہے۔ ایک مقامی عربی روزنامے کی رپورٹ کے مطابق ذرائع نے اشارہ کیا کہ
کویتی جو سرکاری شعبے میں کام کرتے ہیں وہ اپنے آجر کو اس کے بارے میں مطلع کرنے اور منظوری حاصل کرنے کے بعد سرکاری کام کے اوقات کے علاوہ پرائیویٹ سیکٹر میں دوسری ملازمت میں کام کر سکتے ہیں۔ ریٹائرمنٹ کے بعد کام کرنے والوں کی اہلیت کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں ذرائع نے اثبات میں جواب دیا، اس شرط پر کہ پبلک انسٹی ٹیوشن فار سوشل سیکیورٹی کو اس کی اطلاع دی جائے اور اس صورت میں ان کی ماہانہ پنشن روک دی جائے گی اور متعلقہ قانون کی دفعات کے مطابق سماجی بیمہ کے پریمیم کی کٹوتی بھی جاری رہے گی۔
ریٹائر ہونے والوں کے لیے خیر سگالی قرضے کی تنخواہ 7 گنا سے بڑھا کر 21 کرنے پر ذرائع نے جواب دیا کہ یہ تجویز ادارے کو جمع کرادی گئی ہے۔ خیال رہے کہ کویت بشمول دیگر خلیجی ممالک میں موجودہ کفیل یا آجر کے علاوہ دوسری جگہ کام کرنے کی سخت ممانعت ہے جس کی سزا غیرملکیوں کے لئے صرف ملک بدری ہے تاہم سرکاری شعبوں میں کام کرنے والے کویتی شہریوں پر اب کسی قسم کا قانون لاگو نہیں ہو گا اور وہ بنا کسی روک رکاوٹ کے اپنے موجودہ آجر کے علاوہ سرکاری اوقات کے بعد بھی دوسری جگہ نوکری کر سکیں گے۔