کویت اردو نیوز 25 ستمبر: پاکستان نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد انگلینڈ کو چوتھے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 3 رنز سے شکست دیکر سیریز 2-2 سے برابر کردی۔ تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کی ٹیم 167 رنز کے مقابلے میں 163 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
حارث روف کے شاندار اوور نے میچ کا نقشہ تبدیل کیا۔ انگلینڈ کے لیام ڈوسن کےطوفانی34رنز رائیگاں گئے، بروک34،ڈکٹ33 اور معین علی29رنزبناسکے۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف اور محمدنوازنے3،3شکار کیے۔ پاکستان نے مقررہ بیس اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنائے، محمد رضوان نے 88 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، کپتان بابراعظم 36، شان مسعود21 اور خوشدل شاہ 2 رنز بناسکے۔ میچ کے مڈل سیشن میں پاکستان ٹیم نے سست رفتاری سے رنز کئے جس کے باعث وہ انگلینڈ کو بڑا ہدف دینے میں ناکام رہا۔ انگلینڈ کی جانب سے ریس ٹاپلے نے دو وکٹیں حاصل کیں،ڈیوڈ ولی،لیام ڈوسن ایک ایک وکٹ لے سکے۔
ٹاس ہارنے کے بعد گفتگو میں بابراعظم کا کہنا تھا کہ کراچی کی پچز پر بڑے اسکور بنتے ہیں آج کی وکٹ گذشتہ میچ سے بہتر لگ رہی ہے، یہاں 180 سے 190 بہترین اسکور ہوگا۔بابراعظم نے کہا کہ ہمارےپاس150 کی رفتار سے بولنگ کرنے والے بولرز موجود ہیں، بڑا اسکور دینے کے بعد انگلینڈ کو قابو کرنے کی کوشش کرینگے۔
کپتان بابر اعظم نے بتایا کہ آج کے اہم میچ کے لئے ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں ہیں۔ حیدر علی کی جگہ آصف علی اور شاہنواز ڈاہانی کی جگہ محمد وسیم جونئیر کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ انگلش کپتان معین علی کا کہنا تھا کہ کراچی کی وکٹ کو سمجھنا اتنا آسان نہیں ہے، سیریز میں برتری کے لئے پاکستان کو محدود کرنے کے لئے اچھی بولنگ کرنا ہوگی۔
معین علی نے بتایا کہ ٹیم میں تین تبدیلیاں کیں گئیں ہیں، تجربہ کار ایلکس ہیلز کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے، ڈیوڈ ملان آج کے میچ میں ٹیم کا حصہ نہیں ہے جبکہ ڈیوڈ ویلی کو سیم کرن کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ سات میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کا کراچی میں یہ آخری میچ ہے، سیریز کے بقیہ میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے، جس کے تمام تر تیاریاں مکمل کی جاچکیں ہیں۔