کویت اردو نیوز 08 اکتوبر: پیغمبر اسلام (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے یوم ولادت کے موقع پر، متحدہ عرب امارات کے رہنماؤں نے جمعہ کے روز ہر ایک کے لیے گرمجوشی سے مبارکباد اور حوصلہ افزا پیغامات کا اشتراک کیا۔
ایک ٹویٹ میں متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے کہا کہ "ہم اپنے پیارے نبیؐ کے عظیم کردار، ان کی لازوال اقدار اور پوری انسانیت کے لیے مہربانی، دوستی اور ہمدردی کی متاثر کن میراث سے رہنمائی حاصل کر رہے ہیں”۔
شیخ محمد بن راشد المکتوم، نائب صدر اور متحدہ عرب امارات کے وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران نے بھی اس موقع کی اہمیت کے بارے میں کہا کہ ” ہم زمین کے مشرق سے مغرب تک نبیؐ سے محبت کی تجدید کرتے ہیں اور ان کی سوانح پر عمل کرتے ہیں جنہیں تمام جہانوں کے لئے رحمت بنا کر بھیجا گیا، بے شک وہ ذات پاک مخلوقات پر سب سے زیادہ رحم کرنے والی ہے”۔
دبئی کے ولی عہد اور دبئی کی ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے کہا "ہم ملت اسلامیہ کو مخلوقات کے سب سے معزز، ہدایت اور رحمت کے پیغمبرؐ کی ولادت باسعادت پر مبارکباد پیش کرتے ہیں، محمد صلی اللہ علیہ وسلم کا پیغام تمام انسانیت کے لیے خیر و بھلائی کا باعث بنا”۔
متحدہ عرب امارات کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خزانہ اور دبئی کے نائب حکمران شیخ مکتوم بن محمد بن راشد آل مکتوم نے اس موقع پر کہا کہ "ہم بنی نوع انسان کی بھلائی کی خوشبودار سوانح حیات مناتے ہیں”۔
خیال رہے کہ اس پر مسرت دن پر دبئی، ابوظہبی اور شارجہ نے اس موقع پر مفت پبلک پارکنگ کا اعلان کیا ہے۔ اسلامی ممالک میں پیغمبرؐ کا یوم ولادت 12 ربیع الاول 1444 کو منایا جاتا ہے جو کہ اسلامی کیلنڈر کا تیسرا مہینہ ہے۔ اس سال یہ تاریخ ہفتہ 8 اکتوبر کو آئی ہے۔ اس سے قبل اعلان کیا گیا تھا کہ سرکاری اور نجی شعبے کے ملازمین کو اس دن عام تعطیل ہوگی۔