کویت اردو نیوز 09 اکتوبر: امریکا میں کتوں کےحملے میں دو کم سن بچوں کی ہلاکت کے واقعے نے پورے ملک میں ہل چل پیدا کردی ہے۔ یہ ہولناک واقعہ امریکی ریاست ٹینیسی میں ایک گھر میں دو پِٹ بُل کتوں کے حملے کے نتیجے میں پیش آیا۔ اس حملے میں دو بچے ہلاک اور ان کی ماں زخمی ہوگئیں۔
ماں کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز جب کتوں نے ان پر حملہ کیا تو ماں نے اپنے دو بچوں کو بچانے کے لیے مداخلت کرنے کی کوشش کی لیکن کتوں نے اسے بھی کاٹ ڈالا۔
امریکی اخبار "نیو یارک پوسٹ” کی شائع کردہ کہانی کے مطابق 30 سالہ کرسٹی جین بینارڈ اپنے دو بچوں کو بچانے کی کوشش کے نتیجے میں شدید زخمی ہو گئیں۔ کتوں نے اس کے 5 ماہ کے ہولاس ڈین اور دو سالہ بچی للی جین کو قتل کرڈالا۔ ٹینیسی میں شیلبی کاؤنٹی اتھارٹی کے ذریعہ پوسٹ کردہ ایک ٹویٹ کے مطابق، دونوں بچوں کو جائے وقوعہ پر ہی مردہ قرار دیا گیا تھا۔
خاتون کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ اس کے چچا جیف گبسن کے مطابق بینارڈ کے اس کے چہرے سمیت پورے جسم پر کئی جگہ کتوں کے کاٹنے کے زخم موجود ہیں۔
یہ حملہ کیسے ہوا اور پالتو جانور جارحانہ کیوں ہوئے؟ اس کی تفصیلات ابھی تک واضح نہیں ہیں۔ گبسن کے مطابق افسوسناک واقعہ مبینہ طور پر تقریباً 10 منٹ تک جاری رہا۔گبسن نے کہا کہ بینارڈ کے بازو اور ٹانگیں بری طرح زخمی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق دونوں کتوں کو مہلک انجکشن یا یوتھنیشیا کے ذریعے ہلاک کردیا گیا ہے۔