کویت اردو نیوز 13 اکتوبر: کویت میں پاکستان ویمن ایسوسی ایشن کویت کے زیر اہتمام ایک عظیم الشان سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کانفرنس برائے خواتین کا انعقاد کیا جو مورخہ 8 اکتوبر بروز ہفتہ کو ایک مقامی ہوٹل کے وسیع و عریض هال میں کیا گیا جس میں کویت کے طول و عرض سے کثیر تعداد میں خواتین نے شرکت کی کہ ہوٹل کا وسیع وعریض ہال اپنی تنگ دامانی کا منظر پیش کرنے لگا۔
یہ کویت میں بلا شبہ پاکستانی خواتین کا سب سے بڑا، منظم اور عظیم الشان اسلامی تربیتی پروگرام تھا۔ کانفرنس کی صدارت پاکستان ویمن ایسوسی ایشن کویت کی صدر مسز روبیلہ غزل نے کی جبکہ مہمان خصوصی سفارت خانہ پاکستان کی آفیسر محترمہ تحریم الیاس تهیں۔ دیگر مہمانان ذی وقار میں پاکستان انگلش سکول کی پرنسپل میڈم صنوبر، پاکستان انگلش سکول فحاحیل کی پرنسپل میڈم عذرا، گرین ہینڈز کی طرف سے محترمہ سحر فاید، محترمہ فرزانہ تهیں۔
کانفرنس کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت آمنہ شاہنواز، عائشہ عرفان، ڈاکٹر فرح زاہد اور عائشہ اعجاز نے حاصل کی جبکہ کمپئرنگ کے فرائض عائشہ عرفان نے بحسن و خوبی انجام دیئے۔ ہدیہ عقیدت بحضور سرور کونین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ثوبیہ عاصم، مدیحہ خادم، عائشہ عرفان، نادیہ خان جبکہ کلام اقبال مریم منصور نے پرسوز آواز میں پیش کیا۔
زینب سلیم اور فرزانہ جبین نے درس حدیث پیش کیا پاکستان انگلش سکول جلیب الشیوخ کی طالبات آمنہ شاہ نواز اور مدیحہ خادم حسین نے بالترتیب تلاوت و نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی جبکہ عائشہ جہانگیر نے عربی میں خوبصورت نعت پیش کی۔
ایسوسی ایشن کی نائب صدر ڈاکٹر فرح زاہد نے اپنی پرسوز آواز میں مدحت خیر الانام پیش کر کے سماں باندھ دیا۔ پاکستان ویمن ایسوسی ایشن کی زیر نگرانی تربیت حاصل کرنے والی طالبات نے بہترین انداز میں تلاوت ، حمد و نعت، نقابت اور خطابت کے حوالے سے اپنی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کرکے حاضرین کے دل جیت لئے۔
اس کانفرنس کی مہمان خصوصی محترمہ تحریم الیاس نے کہا کہ "مجھے اس عظیم الشان سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کانفرنس میں شرکت پر بہت خوشی ہو رہی ہے، انتہائی منظم اور پھر کثیر تعداد میں خواتین کی شرکت اور مزید یہ کہ پاکستان ویمن ایسوسی ایشن کویت کی زیر نگرانی تربیت حاصل کرنے والی طالبات کا بہترین انداز میں تلاوت، حمد و نعت، نقابت اور خطابت پیش کرنا انتہائی شاندار اور قابل ستائش ہے اور میں پاکستان ویمن ایسوسی ایشن کویت کی کامیابی کے لئے دعا گو ہوں اور انتہائی کامیاب اور منظم سیرت النبی کانفرنس کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتی ہوں۔
گرین ہینڈز کی نمائندہ محترمہ سحر فاید جو کہ کویت سے تعلق رکھتی ہیں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک انتہائی خوبصورت، منظم،روح پرور اور ایمانی پروگرام تھا، میرا پاکستانی خواتین کے اس طرح کے پروگرام میں شرکت کرنے کا پہلا موقع ہے اور میں اپنے آپ کو انتہائی خوش قسمت سمجھتی ہوں کہ مجھے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت کے عظیم ترین دن اس روحانی پروگرام میں شرکت کا موقع ملا۔
انہوں نے کہا کہ اسلام ایک عالمگیر مذہب ہے اور اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کا رشتہ ہم سب کو ایک لڑی میں پرو دیتا ہے۔ اگرچہ مجھے اردو زبان مکمل سمجھ نہیں آتی مگر جو کچھ بھی اس پروگرام میں پیش کیا گیا وہ میرے دل پر اثر کر رہا تھا اور میں پاکستان ویمن ایسوسی ایشن کویت کی ٹیم کا شکریہ ادا کرتی ہوں کہ انہوں نے اس خوبصورت کانفرنس میں ہمیں شرکت کی دعوت دی۔
پاکستان ویمن ایسوسی ایشن کویت کی صدر مسز روبیلہ غزل نے ” سیرت طیبہ ، اصلاح احوال اور مسلم خواتین کی ذمہ داریاں” کے موضوع پر فکر انگیز اور موثر خطاب کیا انہوں نے کہا کہ آج کی عورت بحیثیت ماں، بہن، بیٹی اور بیوی کے اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے ادا نہیں کر رہی جس کی بنیادی وجہ اسلامی تعلیمات سے دوری ہے۔
عورت دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ اگر دینی تعلیم کی بھی حامل ہو تو وہ بہتر انداز میں اپنے بچوں کی تربیت کر سکتی ہے۔ ایک پڑھی لکھی اور دیندار ماں آئندہ آنے والی نسلوں کی اسلامی خطوط پر بہترین تربیت کر سکتی ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان ویمن ایسوسی ایشن کویت کا مقصد خواتین کی دینی تعلیم و تربیت اور فلاح و بہبود ہے تاکہ وہ معاشرے کی ترقی میں بهرپور کردار ادا کر سکیں۔
انہوں نے تمام شرکاء اور پاکستان ویمن ایسوسی ایشن کویت کی تمام ٹیم بالخصوص کانفرنس کوآرڈینیٹر اور ایسوسی ایشن کی نائب صدر ڈاکٹر فرح زاہد، ایگزیکٹو ممبر زیبا منصور ، ڈاکٹر امل عبدالطیف، ڈاکٹر انعم عرفان اور فوزیہ ظہیر کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے ٹیم ولینٹئرز جن میں خدیجہ صدیقی، فاطمہ، بسمہ، مناہل، سعدیہ خان اور نادیہ خان کی کاوشوں کو سراہا اور تمام مہمانوں اور پاکستان انگلش سکول جلیب الشیوخ کی پرنسپل اور طالبات کا کانفرنس میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
پرنسپل میڈم صنوبر اور محترمہ فرزانہ نے پاکستان ویمن ایسوسی ایشن کویت کی تمام ٹیم کو انتہائی کامیاب اور منظم سیرت النبی کانفرنس کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔ آخر میں درود و سلام اور دعا کی گئی اور اس طرح یہ یادگار کانفرنس اپنے اختتام کو پہنچی۔