کویت اردو نیوز 13 نومبر: پاکستان 1992 کی تاریخ نہ دہرا سکا، انگلینڈ نے 137رنز کا آسان ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 جیت لیا۔
پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بنائے۔ اوپنر محمد رضوان 15 ، محمد حارث 8، بابر 32 اور افتخار احمد صفر پر آؤٹ ہوئے۔ اس کے علاوہ شان مسعود 38، محمد نواز 5 ،شاداب خان 20 اورمحمد وسیم جونیئر 4 رنز بناکر پویلین لوٹے۔
دوسری جانب پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان جاری اعصاب شکن فائنل میں شاہین آفریدی کے انجرڈ ہونے کی وجہ سے پاکستان کو بڑا دھچکا ملا ہے۔ شاہین آفریدی انگلینڈ کے خلاف اپنے دوسرے اسپیل کے دوران بولنگ کرانے آئے تو محض ایک بال کرانے کے بعد لڑکھڑا گئے اور اپنی بولنگ نہ جاری رکھ سکے۔
اس سے قبل شاہین شاداب خان کی گیند پر ہیری بروک کا کیچ لیتے ہوئے انجرڈ ہوئے تھے اور میڈیکل ٹیم انہیں گراؤنڈ سے باہر لے گئی تھی تاہم چند منٹ بعد وہ دوبارہ میدان میں واپس آگئے تھے۔ شاہین آفریدی نے اپنے پہلے اسپیل میں 2 اوورز میں 13 رنز کی عوض ایک وکٹ حاصل کی تھی۔
انگلینڈ کے بولر سیم کرن کی جانب سے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا گیا۔ انہوں نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ کرس جورڈن اور عادل رشید نے 2،2 اور بین اسٹوکس نے ایک شکار کیا۔