کویت اردو نیوز 01 دسمبر: دبئی کی ایک نجی کمپنی میں کام کرنے والی 36 سالہ ایشیائی خاتون کو فون چوری کرنے کے جرم میں مجرم قرار دے کر ایک ماہ قید کی سزا سنائی دی گئی۔
فون کے مالک کا کہنا تھا کہ وہ دوا خریدنے کے لیے ایک فارمیسی گئی اور یہ جانے بغیر ہی فارمیسی سے نکل گئی کہ اس نے اپنا فون وہیں چھوڑ دیا ہے۔
جب اس کو معلوم ہوا کہ وہ اپنا موبائل فارمیسی میں ہی بھول گئی ہے تو وہ دوبارہ وہاں گئی اور تلاش کیا لیکن وہ نہ ملا۔ اس نے سیلز پرسن سے پوچھا، جس نے اسے بتایا کہ اسے کوئی فون نہیں ملا۔
خاتون نے مزید کہا کہ اسے یقین ہے کہ فون فارمیسی میں رہ گیا ہے، اس نے عملے سے کیمروں کا جائزہ لینے کو کہا۔ سیکیورٹی کیمرے کی فوٹیج میں ایک عورت نظر آئی جو فارمیسی میں داخل ہوئی، جلدی سے فون اٹھایا اور چلی گئی۔ متاثرہ نے پولیس کو اطلاع دی، جو ملزم کی شناخت اور گرفتار کرنے میں کامیاب ہوگئی۔
ملزمہ عدالت میں پیش ہوئی اور اپنا اعتراف کر لیا جو اس نے پولیس رپورٹ اور پبلک پراسیکیوشن کی تحقیقات میں کیا تھا۔ اس نے بتایا کہ وہ دوائیں لینے فارمیسی گئی اور وہاں کاؤنٹر پر ایک فون دیکھا جس کا بظاہر کوئی مالک نہیں لگ رہا تھا۔
اسے احساس ہوا کہ کوئی اسے بھول گیا ہے، اس لیے اس نے اسے چرا لیا، سم کارڈ کو پھینک دیا اور اسے استعمال کرنا شروع کر دیا۔ عدالت نے اسے مجرم قرار دیتے ہوئے ایک ماہ قید جبکہ سزا پوری کرنے کے بعد ملک بدری کی سزا سنائی گئی۔