کویت اردو نیوز 05 دسمبر: انسان ساختہ جزیرہ نیوم میں بحیرہ احمر کا مرکزی گیٹ وے ہوگا، یہ 2024 کے اوائل سے زائرین کا خیرمقدم کرے گا سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پیر کے روز نیوم کی نئی منزل، ایک لگژری جزیرے "سندالہ” کے قیام کا اعلان کیا ہے۔ یہ منصوبہ بھی سعودی عرب کے سیاحتی شعبے کی روزافزوں ترقی کی عکاسی کرتا ہے۔
انسان ساختہ سندالہ مختلف جزائر پرمشتمل گروپ میں سے ایک ہوگا۔ یہ نیوم میں تیار کیا جائے گا۔ اس کا رقبہ 840،000 مربع میٹر پر محیط ہو گا۔
سندالہ نیوم میں بحیرہ احمر کا مرکزی گیٹ وے ہوگا اور توقع کی جاتی ہے کہ یہ 2024 کے اوائل سے زائرین کا خیرمقدم کرے گا۔ اس میں مہمانوں کو پرتعیش خدمات ، پیش کشوں ، سمندری اور قدرتی تجربات کی ایک وسیع رینج سے لطف اندوزہونے کا موقع ملے گا۔
توقع کی جارہی ہے کہ اس منصوبے سے سیاحت، مہمان نوازی اور تفریحی خدمات کے شعبے میں روزگار کے 3،500 نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ سعودی عرب کی سرکاری پریس ایجنسی (ایس پی اے) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ
’’یہ نیوم کے لیے ایک اور اہم لمحہ ہے اورویژن 2030 کے تحت مملکت کے سیاحتی عزائم کوعملی جامہ پہنانے میں ایک اہم قدم ہے۔ سندالہ بحیرہ احمر میں نیوم کا پہلا لگژری جزیرہ اور یاٹ کلب کی منزل ہوگا، جو بحیرہ احمر کے لیے ایک قدرتی گیٹ وے ہوگا اور یہ خطے کا سب سے دل چسپ اور پرکشش سیاحتی مقام بن جائے گا‘‘۔
سندالہ جزیرے کے قیام کا مقصد بین الاقوامی کشتی رانی کے منظر کو گلیمر اور پرتعیش تجربے میں تبدیل کرنا ہے، جہاں اس میں 86 برتھ کازبردست مرینا پیش کیا جائے گا، جو عیش و آرام کے جہازوں کو رکھنے کے لیے ایک مثالی منزل بن جائے گا جبکہ آف شور سپر یاٹس لنگر انداز ہوں گی۔
یہ مہمانوں کو رہائش کے مختلف اختیارات بھی مہیا کرے گا۔اس میں ہوٹلوں کے 413 الٹرا پریمیم کمرے ہوں گے۔ ان کے علاوہ تمام ضروری خدمات کی دستیابی کے ساتھ 333 اپارٹمنٹس ہوں گے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’اس جزیرے میں ایک لکس بیچ کلب، گلیمرس یاٹ کلب اورکھانے پینے کی 38 منفرد پیش کشیں بحیرہ احمر میں ایک بے مثال تجربہ پیش کریں گی‘‘۔
نیوم میں واقع اس جزیرے کو متنوع سمندری ماحول سے گھرا ہوا ایک شاندار منزل بننے کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔یہاں دنیا کے سب سے خوب صورت مرجان کے ذخائر میں سے ایک واقع ہے۔
اس کے علاوہ، سندالہ گالف کی ایک مقبول منزل بھی ہوگا۔اس میں گالف کے دلدادگان کو عالمی معیار کے 5،920 میٹر پر محیط 70 کورس کا تجربہ کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔
ولی عہد نے کہا کہ ’’یہ ایک ایسی منزل ہوگی جہاں مسافر پانی کے اوپر اور نیچے نیوم اور سعودی عرب کی حقیقی خوب صورتی کا تجربہ کرسکیں گے اور اس طرح سندالہ عیش وآرام کے سفر کا مستقبل بن جائے گا‘‘۔