کویت اردو نیوز 30جنوری: 23 سالہ کیپٹن مریم ہانی احمد الترکی پائلٹ کا لائسنس حاصل کرنے والی تیسری کویتی خاتون بن گئیں۔ انہوں نے برطانیہ سے ایل تھری ہیرس ایوی ایشن اکیڈمی سے گریجویشن مکمل کیا۔
کیپٹن مریم کے برطانیہ سے واپس کویت آنے پر روزنامہ الرای نے جب ان سے رابطہ کیا تو انہوں نے اس میدان میں اپنی کامیابی اور امتیاز کی تصدیق کی جو
انہیں بچپن سے پسند تھی اور یہ ثابت کیا کہ کویتی خواتین مختلف سیاسی، معاشی، ثقافتی اور کھیلوں میں خود کو منوانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے ہوا بازی کے شعبے میں اپنی برتری کے علاوہ اپنے ملک کی خدمت کرنے اور تنہا پرواز کرنے پر اپنی خوشی کا اظہار کیا اور مزید یہ بتایا کہ
"میں نے ہائی اسکول سے گریجویشن کرنے کے بعد کویت کے کالج آف ایوی ایشن ٹیکنالوجی میں داخلہ لیا اور ہوائی جہاز اڑانے کے شوق کو دیکھتے ہوئے، میں نے قومی ایئرلائن کویت ایئرویز میں کام کرنے کے لیے اپلائی کیا جنہوں نے مجھے برطانیہ میں ایوی ایشن کی تعلیم حاصل کرنے کے لیے بھیجا۔ یہ سب میرے والدین کی دعاؤں کی وجہ سے ہے جنہوں نے میرے لئے سب سے خوش کن فیصلہ کیا۔”
مریم الترکی نے اپنی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا اور اپنی بچپن کی اس خواہش کو پورا کیا جو کہ ایک ممتاز پیشہ ورانہ شعبے میں تعلیم حاصل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی دیگر ساتھیوں، مریم برکی اور ماہا بیدون کے ساتھ کام کریں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ "برطانوی (L3Harris) اکیڈمی میں پڑھنا بہت اچھا تجربہ ہے جو مردوں اور عورتوں کے ساتھ یکساں برتاؤ کرتی ہے اور
سب مرد و خواتین طالب علموں کا خیال رکھتی ہے،”انہوں نے اپنے اکیڈمی کے سپروائزرز کیپٹن عدنان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایئربس 320 اڑانے کی میری تربیت کی نگرانی کی جن کی وجہ سے آج مجھے یہ شاندار کامیابی ملی۔”
"کویت ایئر ویز کارپوریشن کے ڈائریکٹر جنرل، مان الرزوکی کے فالو اپ کے ساتھ میں نے جہاز کو پائلٹ کیا۔ یہ ایک شاندار تجربہ تھا جسے میں اپنی زندگی میں نہیں بھولوں گی، خاص طور پر جب میں نے اپنے والدین اور بہن کو دور سے اپنے پیچھے دیکھا اور میں خوشی سے رو پڑی، میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ میں اس شاندار مقام پر پہنچوں گی۔”
خیال رہے کہ کویت سے تعلق رکھنے والی مریم ہانی احمد الترکی کی عمر صرف 23 برس ہے جو کہ اس کامیابی کے ساتھ دنیا کی کم عمر ترین پائلٹ خواتین کی فہرست میں اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہوئی ہیں۔