کویت اردو نیوز 02 فروری: شمالی سعودی عرب میں ہیٹر میں آتش گیر مادے کے استعمال سے لگنے والی آگ سے ایک خاندان کے 7 افراد کے جاں بحق ہونے کی کہانی نے سعودیوں کو آبدیدہ کر دیا۔
آتشزدگی کے واقعہ کی تفصیلات سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر گردش کر رہی ہیں۔ اس واقعہ میں 6 بچے اور ان کے والد جھلس کر جاں بحق ہوگئے تھے، ماں کو آخری لمحات میں ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں اس کی جان بچ گئی تھی۔
واقعہ کے وقت آخری لمحات میں عافت الشراری کے اہل خانہ سب سے چھوٹے بھائی کی شادی میں جمع ہوئے اور تقریب کے اختتام کے بعد گھر واپس پہنچے اور علی الصبح گھر میں آگ لگ گئی اور خاندان کے 7 افراد آگ کی زد میں آکر جاں بحق ہوگئے۔ واقعہ نے خاندان کی خوشی کو سوگ اور اداسی میں بدل دیا۔
خاندان کے سربراہ کے بھائی کی گفتگو:
جاں بحق ہونے والے خاندان کے سربراہ کے بھائی شاکر الشراری نے ’’العربیہ ڈاٹ نیٹ ‘‘ کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا آخری لمحات جنہوں نے خاندان کو میرے مرحوم بھائی کے ساتھ اکٹھا کیا وہ ہمارے چھوٹے بھائی کی شادی میں مہمانوں کے استقبال کے دوران موجود تھے۔
جن 6 بچوں کی اموات ہوئیں ان میں یزید ، یاسر،یزن، مازن، وعد اور عہد ہیں۔ ان کے والد عافت الشراری بھی چل بسے ہیں ۔ ان بچوں کی ماں بچ گئی ہیں تاہم
انہیں اب تک اپنے شوہر اور بچوں کی اموات کا علم نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ متاثرہ خاندان کو اشد صبر کی ضرورت ہے۔ ان کا نماز جنازہ آج جمعرات کو مسجد خادم حرمین شریفین میں ادا کی جائے گی۔
آگ سے متعلق انتباہ:
اس دردناک حادثے پر سوشل میڈیا پر متحرک افراد نے گہرے دکھ کا اظہار کیا، سوشل میڈیا پر اس حوالے سے بڑے پیمانے پر پوسٹیں کی گئیں۔
لوگوں نے خاندان والوں سے اظہار تعزیت کیا اور صبر کی تلقین کی۔ اس حوالے سے بڑے پیمانے پر اس حوالے سے بھی خبردار کیا گیا کہ گھروں میں آگ کے متعلق خصوصی احتیاط برتی جائے کہ کہیں آگ کسی حادثہ کی وجہ نہ بن جائے۔
سول ڈیفنس نے انکشاف کیا تھا کہ گھر کے ایک کمرے میں منگل کو علی الصبح آگ لگنے کے نتیجے میں ایک گھر میں 7 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے ہیں۔ واقعہ شمالی سعودی عرب میں قریات گورنریٹ میں پیش آیا تھا۔
الجوف النقیب کے علاقے میں ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس کے میڈیا ترجمان کیپٹن عبدالرحمن الضویحی نے کہا کہ منگل کی صبح 4 بج کر 54 منٹ پر گشت پر مامور سکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے آتشزدگی کے واقعہ کی اطلاع موصول ہوئی تھی۔ سول ڈیفنس کے اہلکاروں نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر آگ بجھائی ۔