کویت اردو نیوز 7فروری: ترکی میں دو روز کے دوران تیسرا زلزلہ آگیا، گزشتہ روز کے قیامت خیز زلزلے میں ترکی اور شام میں مجموعی اموات کی تعداد 4800 سے زائد ہوگئی ہے۔
ملک کے مشرقی حصے میں آنے والے زلزلے کی شدت 5.7 بتائی جا رہی ہے۔ ترک صدر رجب طیب اردوان نے ملک بھر میں ایک ہفتے کے سرکاری سوگ کا اعلان کیا ہے۔دوسری جانب گزشتہ روز آنے والے قیامت خیز زلزلے کی ہلاکت خیزی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
امدادی اداروں کا کہنا ہے کہ ترکی اور شام کی سرحد پر تمام دیہات اور شہر ملبے کا ڈھیر بن چکے ہیں، ہر طرف تباہی کے مناظر ہیں اور لمحوں میں بلند وبالا عمارتیں ریزہ ریزہ ہوگئیں۔جبکہ متاثرہ علاقوں میں انسانی جانوں کی تلاش کیلیے ریسکیو کا کام جاری ہے۔
ترک میڈیا کے مطابق ملک میں زلزلے سے جاں بحق افراد کی تعداد 3381 ہوچکی ہے جب کہ 20 ہزار 426 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زلزلے سے 5775 عمارتیں تباہ جب کہ 285 آفٹر شاکس بھی آچکے ہیں۔ زلزلے سے ترکی کے 10 شہروں میں تباہی ہوئی ہے۔ وسیع رقبے پر ملبے کے ڈھیر موجود ہیں۔ املاک منہدم ہونے سے ٹیلی مواصلات کا نظام بھی شدید متاثر ہوا ہے اور امدادی کارکنوں کو رابطوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
دوسری جانب شامی حکومت نے تصدیق کی ہے کہ شام میں زلزلے سے اب تک 1500 افراد جابحق ہو چکے ہیں، ڈھائی ہزار سے زائد زخمی ہیں، جب کہ 65 ممالک کی امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں کی طرف روانہ ہوگئی ہیں۔
شام کے زیر کنٹرول علاقوں میں 711 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ باغیوں کے زیر کنٹرول علاقوں میں 750 سے زائد اموات ہوئی ہیں۔