کویت اردو نیوز 26 فروری: مصر میں کئی برسوں تک خود کو ڈاکٹر ظاہر کرکے پھیپھڑوں اور گھٹنوں کی بیماری کا علاج کرنے والا پکوان سینٹر کا ملازم نکلا جس کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق مصری حکام نے قاہرہ کی مشرقی کمشنری السویس میں پھیپھڑے، الوپیشیا اور گھٹنوں کی بیماریوں کا علاج کرنے والے ہیلتھ سینٹر کے جعلی ڈاکٹر کو گرفتار کیا ہے۔
ہیلتھ سینٹر چلانے والا یہ جعلی ڈاکٹر السویس میں کھچڑی پکوان کے ریستوران کا عام کارکن تھا۔ ملزم نے فیس بک پر ہیلتھ سینٹر کا پیج بھی بنایا ہوا تھا جس میں وہ ڈاکٹر بنا بیٹھا تھا اور اس کے سامنے ایک ہڈیوں کا ڈھانچہ رکھا ہے اور اس نے گلے میں اسٹیتھسکوپ بھی ڈالا ہوا ہے۔ اس نے لوگوں کو یہ جھوٹ گڑھا کہ وہ پھیپھڑوں اور گھٹنوں کے علاج کا ماہر ہے۔
السویس شہر میں ڈاکٹروں کی یونین نے وضاحتی بیان میں کہا کہ نام نہاد ہیلتھ سینٹر کے مالک بہروپیے نے کوئی ڈگری حاصل نہیں کی اس کے پاس اس قسم کا سینٹر چلانے کے لیے کوئی پرمٹ بھی نہیں ہے۔ مصری حکام کا کہنا ہے کہ السویس کے محکمہ صحت سے رابطہ کر کے مذکورہ ہیلتھ سینٹر اور اس کے مالک کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔