کویت اردو نیوز 11 مارچ: پاکستان کے صوبائی دارالخلافہ کراچی میں ناصرہ اسکول کی ایک تقریب میں طلبہ کی جانب سے اسرائیلی جھنڈا لہرانے کے واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ
قطار میں طلبہ کھڑے ہیں جن کے ہاتھوں میں مختلف ممالک کے جھنڈے ہیں جب کہ قطار میں کھڑا طالبعلم اسرائیلی جھنڈا تھامے ہوئے ہیں۔
سوشل پر اسرائیل مخالف ملک پاکستان کے اسکول میں اسرائیلی جھنڈا لہرانے کی مذمت شروع ہوگئی ہے اور اسکول کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے جبکہ ناصرہ اسکول انتظامیہ نے اس مسئلے پر تحریری وضاحت بھی جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ناصرہ اسکول کورنگی نے طلباء میں بیداری پیدا کرنے کے لیے ماڈل یونائیٹڈ نیشنز (MUN) کا اہتمام کیا جس میں 30 سے زائد ممالک کی نمائندگی کی گئی تھی اور 391 مندوبین نے مختلف عالمی مسائل اور امور پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے 15 کمیٹیوں میں حصہ لیا۔
جیسا کہ بعض متعلقہ شہریوں کی جانب سے MUN میں شامل 32 ممالک میں سے ایک کے طور پر اسرائیل کی نمائندگی کے حوالے سے مسئلہ اٹھایا گیا ہے جبکہ پاکستان فلسطینی کاز کی حمایت میں اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتا۔
یہ کراچی کورنگی میں ناصرہ اسکول میں ایک تقریب کی تصاویر ہیں جہاں اسکول انتظامیہ کی نا اہلی اور مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا جا سکتا ہے کہ پاکستان غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتا لیکن یہاں اسکول کے بچوں کو اسرائیلی جھنڈا گھمایا گیا ہے۔ حکومت اور ادارے نوٹس لیں۔ pic.twitter.com/6F3OBuMX1T
— Dr.Sabir Abu Maryam (@DrSabirplf) March 8, 2023
اسکول کے مطابق یہاں ہم یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ مسئلہ فلسطین کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لیے، جو کہ اقوام متحدہ کی متعدد قرار دادوں کا حصہ ہے۔ ایک “سیاسی اور ڈی کالونائزیشن کمیٹی” تشکیل دی گئی جہاں مسئلہ فلسطین پر تفصیلی بحث کی گئی۔
تمام بڑے اسٹیک ہولڈر ممالک اس کمیٹی کا حصہ تھے جن میں پاکستان اور فلسطین بھی شامل تھے، جب کہ اسرائیل کی عدم موجودگی میں یہ بحث ممکن نہیں تھی۔کمیٹی کے مباحثے کے دوران فلسطین کے لیے پاکستان کے مؤقف اور حمایت کو اجاگر کیا گیا، جو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ریاست کے مؤقف کی نقل کرتا ہے۔