کویت اردو نیوز 05 اپریل: الجزائر کی ایک مسجد میں عجیب واقعہ پیش آیا جہاں ایک بلی نماز تراویح پڑھانے والے امام کےکندھے پر جا کر بیٹھ گئی۔ اس واقعے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں بلی کو امام مسجد کے کندھے پر بیٹھے دیکھا جا سکتا ہے جب کہ امام صاحب نماز کی قراءت کر رہے ہیں۔
امام مسجد بھی بلی کے ساتھ شفقت سے پیش آئے۔ انہوں نے بلی کو کچھ نہیں کہا۔ بلی نے امام مسجد کے منہ سےاپنا منہ لگایا اور امام کے رکوع میں جانے سے تھوڑا قبل بلی خود ہی ان کے کندھے سے اتر گئی۔
اس ویڈیو پر ٹوئٹر اور فیس بک سمیت دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ملا جلا رد عمل سامنے آیا ہے۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ نے اس واقعے کی مزید معلومات حاصل کیں تو پتا چلا کہ یہ واقعہ الجزائر کے شمال میں برج بوعریریج کی مسجد ابو بکرصدیق کے امام الشیخ ولید مہساس کے ساتھ پیش آیا۔
الشیخ مہساس کی یو ٹیوب پر تلاوت اور نماز کی بہت سی ویڈیوز موجود ہیں۔ان کا فیس بک پر بھی ایک پیج موجود ہے۔
سوشل میڈیا پر پھیلنے والی ایک اور ویڈیو میں مکہ مکرمہ میں خانہ کعبہ کا طواف کرتے ہوئے ایک چڑیا معتمر کے سر پر بیٹھ گئی۔ یہ منظر ایک ویڈیو میں محفوظ ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر وائرل ہوا ہےجسے دیکھنے والے بے حد پسند کرتے اس پر دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔
https://twitter.com/Celebrty_0/status/1641960965741707264?t=ZO0kBBa1NKkDKQiUI72J2Q&s=19
دلوں کو چھو لینے اور آنکھوں کو خیرہ کرنے والے اس منظر میں ننھی چڑیا کو عمرہ زائر کے سر پر مضبوطی سے کھڑا دیکھا جا سکتا ہے۔ تاہم عمرہ کرنے والا خوش قسمت مسلمان طواف کرتا رہا اور چڑیا اس کے سر پر یونہی بیٹھی رہی جیسے وہ بھی بیت اللہ کا طواف کر رہی ہو۔
ویڈیو کلپ کو دیکھنے والا ہر شخص متاثر ہوا۔ سوشل میڈیا پر بھی اسے بے حد پسند کیا جا رہا ہے۔ ٹوئٹر پر پوسٹ کی گئی اس ویڈیو کو اب تک ہزاروں لائکس مل چکے ہیں۔