کویت اردو نیوز، 12اپریل: اسرائیل نے رمضان کے اختتام تک یہودیوں اور سیاحوں کے مسجد اقصیٰ کے احاطے میں آنے پر پابندی لگادی۔
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے رمضان کے آخری عشرے میں یہودیوں اور سیاحوں کے مسجد اقصیٰ کے احاطے میں داخلے پر پابندی کا حکم جاری کیا۔
اسرائیلی وزیراعظم نے سکیورٹی فورسز کو آخری عشرے میں یہودیوں کے مسجد اقصیٰ میں داخل نہ ہونے کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
رپورٹس کے مطابق گزشتہ کئی سال سے رمضان کے آخری عشرے میں مسجد اقصیٰ میں یہودیوں کے آنے پر پابندی لگائی جارہی ہے۔
5 اپریل کو رمضان المبارک کے دوسرے عشرے کے دوران اسرائیلی پولیس نے مسجد اقصیٰ کے احاطے میں نمازیوں پر حملہ کیا تھا، حملے میں کئی فلسطینی زخمی ہوئے تھے اور سیکڑوں کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔
مسجد اقصیٰ میں گھسنے کے بعد اسرائیل نے غزہ پر بھی راکٹ حملہ کیا تھا۔