کویت سٹی 06 اگست: وزارت صحت اپنے غیر ملکی ملازمین کو کویت واپس لانے کے لئے تیار۔
تفصیلات کے مطابق وزارت صحت اپنے ان غیرملکی ملازمین کی فہرست تیار کر رہی ہے جو کورونا بحران کے باعث اٹھائے گئے اقدامات کے سبب کویت واپس نہیں آسکتے تھے۔ روزنامہ السیاسیہ کی شائع کردہ خبر کے مطابق حکومت کویت ممنوعہ ممالک سے میڈیکل اسٹاف، اساتذہ، غیر ملکی ملازمین کی بیویاں اور گھریلو ملازمین کو کویت واپس لانے کے لئے اقدامات کرے گی۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ حکومت کویت نے وزارت صحت کی ہدایات پر کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے 31 وہ ممالک جو کورونا وائرس سے شدید متاثر ہیں انکے داخلے پر پابندی عائد کردی ہے اور حکومت اس فیصلے پر اگلی رپورٹس آنے پر ہی نظرثانی کرے گی۔
وزارت صحت نے صحت کے محکموں کو جاری کردہ سرکلر میں ملک میں واپس بلائے جانے والے ملازمین کا مکمل ڈیٹا فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ ملازمین کی واپسی کے لئے وزارت صحت جو معلومات مطلوب ہے اس میں ملازم کا مکمل نام اور عہدہ ، ملازم کا سول شناختی نمبر ، ورک سینٹر ، خاصیت ، پاسپورٹ نمبر ، قومیت اور ملک جس میں وہ رہتا ہے اور اس کے اہل و عیال کے نام اگر کوئی ہیں اور رہائشی اجازت نامے کی معیاد کی تصدیق شامل ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ وزارت کی ہدایات کے مطابق اعداد و شمار کو ایک ہفتے کے اندر پیش کیا جانا چاہئے۔