کویت اردو نیوز، 5 مئی: متحدہ عرب امارات نے دبئی میں دنیا کی پہلی 3 ڈی پرنٹڈ مسجد رواں سال کے اواخر میں تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دبئی کے محکمہ اسلامی امور کے شعبہ انجینئرنگ کے سربراہ علی محمد الحلیان السوادی نے بتایا کہ 2 منزلہ مسجد 2 ہزار اسکوائر میٹر رقبے پر تعمیر کی جائے گی جس میں 600 افراد نماز پڑھ سکیں گے۔
مذکورہ مسجد کی تعمیر رواں سال کے آخر تک شروع ہونے کا امکان ہے جبکہ 2025 کی پہلی سہ ماہی تک اسے مکمل کر لیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس مسجد کو کنکریٹ سے تعمیر کیا جائے گا اور 3 ڈی پرنٹنگ کا انتخاب اس لیے کیا گیا کیونکہ یہ ایک نئی ٹیکنالوجی ہے جس سے وقت اور وسائل بچانے میں مدد ملے گی۔
3 ڈی پرنٹنگ سے عمارات کی تعمیر کے لیے بڑی پرنٹنگ مشینوں کی ضرورت ہوتی ہے جن میں ڈیزائن کی تفصیلات کو فیڈ کر دیا جاتا ہے۔
اس کے بعد یہ مشینیں تعمیراتی سامان کو پرنٹ کرکے عمارت کے ڈھانچے کو تعمیر کرتی ہیں۔
زیادہ تر 3 ڈی پرنٹڈ مشینوں کو کنکریٹ سے تیار کیا جاتا ہے مگر لکڑی کا استعمال بھی ممکن ہے۔
دبئی کو دنیا میں 3 ڈی پرنٹڈ عمارات کا دارالحکومت تصور کیا جاتا ہے، جہاں 2018 میں مرتب کی گئی ایک پالیسی کے تحت 2030 تک 25 فیصد نئی عمارات کی تعمیر اس ٹیکنالوجی سے کی جانی ہے۔
دبئی میں دنیا کی سب سے بڑی 3 ڈی پرنٹڈ عمارت 2019 میں تعمیر کی گئی اور ساتھ ہی دنیا کا پہلا 3 ڈی پرنٹڈ آفس بھی وہاں تعمیر ہوا