کویت اردو نیوز 09 مئی: طیارہ میں سفر کرنے کے دوران خاص طورپر ٹیک آف کے دوران پیدا ہونے والے شور سے مسافروں کو کانوں کے حوالے سے پریشان کن صورت حال کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
اسی طرح طیارے کے نیچے اترتے ہوئے بھی ایک برا احساس پیدا ہوتا ہے۔ ماہرین کے مطابق کانوں میں رکاوٹ ہوائی جہاز کے اندر ہوا کے دباؤ میں تبدیلی کی وجہ سے ہوتی ہے اور یوں درمیانی اور بیرونی کان کے دباؤ میں فرق پیدا ہوتا ہے اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑ جاتا ہے۔
ایسا لگتا ہے جیسے کان بند ہوگئے ہیں۔ دباؤ میں یہ فرق درمیانی کان میں "پریشان کن گونج” کا سبب بنتا ہے۔ اس گونج کو ’’بارو ٹراما‘‘ کہا جاتا ہے۔
برطانوی اخبار "ڈیلی میل” کے مطابق اس حوالے سے ایک نرس نے ٹک ٹاک پر تعلیمی ویڈیوز شائع کی ہیں جس میں اس نے خاص طور پر ٹیک آف اور لینڈنگ کے دوران بند کانوں کے مسئلے پر قابو پانے کے لیے ایک "سمارٹ ٹرک” پیش کیا ہے۔
شارلٹ سٹینلے بتاتی ہیں کہ پلاسٹک کے کپ اور کاغذ کے تولیے اس مسئلہ کا حل بن سکتے ہیں۔ اسی طرح جمائی لینا یا چیونگم سے بھی فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔
اس ٹِک ٹِک ویڈیو کو 66 ہزار سے زیادہ لائیکس مل چکے ہیں۔ اس سمارٹ ٹرک میں پلاسٹک کے دو کپوں میں گرم کاغذ کے تولیے رکھے جاتے ہیں اور پھر کانوں کو ان کپوں سے ڈھانپ لیا جاتا ہے۔
سٹینلے نے مزید کہا کہ جب آپ فلائٹ اٹینڈنٹ سے گرم کاغذ کے تولیوں کے ساتھ دو پلاسٹک کپ مانگیں گے تو وہ سمجھ جائے گا کہ آپ کیا کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھاپ درمیانی کان میں دباؤ کو مستحکم کرنے میں مدد کرتی ہے۔ یہ ٹرک بچوں اور بڑوں دونوں کے لیے مفید ہے۔