کویت اردو نیوز، 20مئی: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے متحدہ عرب امارات کے شاہی خاندان کے رکن اور ابوظہبی پورٹس کے چیئرمین عزت مآب شیخ احمد دلموک المکتوم کی وفد کے ہمراہ آج اسلام آباد میں ملاقات کی۔
پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ مختلف شعبوں بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری میں برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ وزیراعظم نے ابوظہبی پورٹس کا پاکستان کی بندرگاہوں اور شپنگ کی صنعت میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا خیرمقدم کیا۔
عزت مآب شیخ احمد دلموک المکتوم نے کہا کہ پاکستان میں متحدہ عرب امارات کی سرمایہ کاری کو وسعت دینے کے مقصد سے ان کا دو ماہ کی قلیل مدت میں پاکستان کا یہ دوسرا دورہ ہے۔ وزیراعظم نے یقین دلایا کہ متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن حکومتی تعاون فراہم کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر برائے بحری امور سید فیصل علی سبزواری، معاونین خصوسی ڈاکٹر جہانزیب خان، طارق فاطمی اور متعلقہ اعلی حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی بھی ملاقات میں موجود تھے۔