کویت اردو نیوز 10 جون: کیا آپ تصور کر سکتے ہیں کہ ایک عورت اپنے شوہر کو مارتی پیٹتی اس پر ظلم کرتی یا چھری چاقو سے ڈراتی ہو اور شوہر اس کے آگے بھیگی بلی بنا مار کھاتا ہو حالانکہ اس کے برعکس اکثر شوہروں کو ہی بیویوں پر ہاتھ اٹھاتے سنا ہے۔
لیکن مصر میں اب الٹی گنگا بہنا شروع ہو گئی ہے کیونکہ وہاں کی عورتیں اپنے شوہروں کو ڈرا دھمکا کر اور لاتوں، گھونسوں سے تواضع کرنے لگی ہیں، جی ہاں یہ ہم نہیں کہہ رہے بلکہ مصری مرد خود دہائیاں دے رہے ہیں۔
مصر میں ایک سروے کیا گیا جس میں یہ حیرت انگیز انکشاف ہوا ہے کہ 50 فیصد سے زائد مرد اپنی بیویوں سے پٹتے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مصر میں الاقصر اسٹڈیز سینٹر کی جانب سے میاں بیوی کے باہمی تعلقات کے بارے میں سروے کیا گیا تو اس میں یہ حیرت انگیز انکشاف ہوا ہے کہ مصر میں خواتین کا اپنے شوہروں پر تشدد بڑھتا جا رہا ہے جبکہ ملک کے 50 فیصد سے زائد مرد اپنی بیویوں سے مار کھاتے ہیں۔
سروے رپورٹ کے مطابق شادی شدہ 56.6 فیصد شوہر اپنی بیویوں کے تشدد کا شکار ہوتے ہیں۔ شوہروں پر تشدد کرنے والی بیویوں کی اکثریت حیرت انگیز طور پر ان پڑھ ہے جو پڑھی لکھی بیویوں کے مقابلے میں اپنے شوہروں پر ظلم کرتی ہیں یعنی مارتی ہیں۔
اعدادوشمار کی وضاحت کرتے ہوئے رپورٹ میں بتایا گیا ہے شوہروں پر تشدد کرنے والی بیویوں میں سے 87 فیصد خواتین ان پڑھ ہیں۔
سروے میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ 5.63 فیصد خواتین اپنے شوہروں کو سبق سکھانے کے لیے چھری کا استعمال کرتی ہیں جبکہ ایک تہائی بیویوں کو اپنے شوہروں کو زدوکوب کرنے پر کوئی افسوس بھی نہیں ہوتا ہے۔
اقوام متحدہ کے جرائم کے اعدادوشمار کے مطابق مصری خواتین اپنے شوہروں کے ساتھ بدسلوکی اور مار پیٹ کرنے میں دنیا میں پہلے نمبر پر ہیں۔ مصر کے بعد برطانیہ اور ہندوستان کا نمبر آتا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق، بیویاں اپنے شوہروں کو مارنے کے لیے نہ صرف اپنے ہاتھ استعمال کرتی ہیں بلکہ فرائی پین، بیلٹ، ہتھیار، باورچی خانے کے اوزار اور جوتے جیسے آلات کا استعمال کرتی ہیں جبکہ کچھ تو اپنے شوہروں کو مارنے اور جلانے کے لیے نیند کی گولیاں کا بھی استعمال کرتی ہیں۔