کویت اردو نیوز، 12جون: طویل انتظار کے بعد 4 مراکشی بہنوں کو ایکساتھ حج کرنے کا موقع مل گیا۔
ان بہنوں میں سب سے چھوٹی بہن کی عمر 65 برس اور سب سے بڑی بہن کی عمر 82 سال سے زیادہ ہے۔
یہ چاروں بہنوں کو ’’ روڈ ٹو مکہ‘‘ اقدام میں شامل ہونے پر اس وقت زبردست خوشی مل گئی جب ان کا نام قرعہ اندازی میں آگیا۔
ان بہنوں نے گزشتہ برسوں میں حج کے لیے کئی مرتبہ کوششیں کیں مگر قرعہ اندازی میں نام نہ آسکا۔
تاہم، اس سال جب انہوں نے حج کے لیے اپلائی کیا تو سب نے اپنے نام ایک لفافے میں جمع کرائے اور ان کے ناموں کا لفافہ قرعہ اندازی میں نکل آیا۔
ان چار بہنوں میں عائشہ ناصر کی عمر 65 سال، فاطمہ ناصر 67 سال، حلیہ ناصر 73 سال اور خدیجہ ناصر کی عمر 82 سال ہے۔
محمد خامس انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے روڈ ٹو مکہ انیشی ایٹو ہال کے اندر چاروں بہنوں نے میڈیا کو بتایا کہ ہم برسوں کا انتظار کرنے کے بعد اب حج ادا کرنے پر خوش ہیں۔
اللہ کا شکر ہے، اس سال یہ ’’ روڈ ٹو مکہ‘‘ اقدام کے طریقہ کار نے ہمارے لیے آسانیاں پیدا کی ہیں۔
اب ہمارے سعودی عرب میں داخلے کا طریقہ کار چند منٹوں میں ہمارے اپنے ملک میں ہی پورا ہوگیا ہے۔ ان بہنوں نے بتایا کہ ہم سعودی عرب پہنچیں گے اور فوری طور پر بسوں پر سوار ہوکر بغیر کسی اضافی طریقہ کار کو اختیار کیے سیدھا اپنی رہائش کی جگہ پہنچ جائیں گے۔
چاروں بہنوں نے طریقہ کار کی اس آسانی پر سعودی قیادت کا شکریہ بھی ادا کیا۔