کویت اردو نیوز 13 جون: پاکستان کے شمال مغربی علاقوں میں تیز ہواؤں کے بعد شدید بارشوں سے آٹھ بچوں سمیت کم از کم 27 افراد ہلاک ہو گئے۔
طوفان نے ہفتے کو دیر گئے صوبہ خیبر پختونخوا کے چار اضلاع کو متاثر کیا، مرنے والوں میں دو سے 11 سال کی عمر کے پانچ بہن بھائی بھی شامل ہیں۔
صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے ترجمان تیمور علی خان نے بتایا کہ "گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے کم از کم 12 افراد زندہ دفن ہو گئے۔” انہوں نے کہا کہ 140 سے زائد افراد زخمی اور 200 سے زائد مویشی مر گئے۔ حکام نے چاروں اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔
کویت کے امیر شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح نے پاکستانی صدر عارف علوی کو ایک مراسلہ ارسال کیا جس میں سیلاب کے متاثرین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا گیا۔
امیر کویت نے متاثرین کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ اپنی اپنی طرف سےولی عہد شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح اور وزیر اعظم شیخ احمد النواف الاحمد الصباح نے بھی صدر پاکستان کو تعزیت کے پیغامات بھیجے۔