کویت اردو نیوز،27جون: عمان کی سلطان قابوس یونیورسٹی ہسپتال (SQUH) کی ایک خصوصی سرجیکل ٹیم نے قوت سماعت سے محروم 14 سالہ لڑکی کا کامیاب سرجیکل آپریشن کرلیا ہے۔
اس آپریشن میں اپنی نوعیت کے جدید ترین آلہ سماعت کی امپلاٹیشن شامل تھی اور اسے ایسے کیسز میں سب سے موزوں حل سمجھا جاتا ہے۔
یہ آپریشن سلطان قابوس ہسپتال میں ڈاکٹر خالد سعید الزابی، کان، ناک اور حلق (ENT) سرجن کی سربراہی میں سرجیکل ٹیم نے کیا۔
ڈاکٹر خالد نے نشاندہی کی کہ اچھی تیاری اور مینوفیکچرر کے ساتھ فوری ہم آہنگی کی بدولت ٹیم کو آپریشن کے دوران کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ آپریشن میں تقریباً دو گھنٹے لگے۔
ڈاکٹر خالد الزابی نے بتایا کہ یہ آلہ صنعت میں اپنی نوعیت کی جدید ترین ڈیوائس ہے اور یہ آپریشن عمان میں اپنی نوعیت کا پہلا آپریشن ہے۔
ڈاکٹر خالد الزابی نے کہا کہ مستقبل میں اس طرح کے جدید آلات کو مریضوں کے لیے لگانے کی کافی گنجائش موجود ہے، انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ اس طرح کے آلات بنانے والوں کے ساتھ ہم آہنگی جاری ہے۔