کویت اردو نیوز،3جولائی: امریکی حکومت نے پہلی بار فلائنگ کار کو قانونی منظوری دے دی ہے۔
ایلف ایروناٹکس (Alef Aeronautics) کی فلائنگ کار کو امریکی حکومت کی جانب سے پہلی بار فلائنگ کار کی قانونی منظوری مل گئی ہے۔
ایوی ایشن لاء فرم ایرو لاء سینٹر کے مطابق کار کمپنی ایلف ایروناٹکس نے اعلان کیا کہ اسے امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (FAA) کی جانب سے انہیں خصوصی ایئروورتھینس سرٹیفیکیشن مل گیا ہے۔
پہلی بار امریکا میں اس نوعیت کی گاڑی کو سرٹیفائیڈ کیا گیا ہے۔
ایلف ایروناٹکس نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن الیکٹریکل ورٹیکل ٹیک آف اور لینڈنگ (eVTOL) گاڑیوں کے حوالے سے اپنی پالیسیوں پر فعال طور پر کام کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے اور زمینی انفراسٹرکچر کے درمیان تعامل کو کنٹرول کرنے پر بھی کام کر رہا ہے۔اسی لئے الف کا یہ خصوصی ایئروورتھینس سرٹیفکیٹ پرواز کے لئے چند مقامات تک محدود اجازت دیتا ہے جبکہ اس گاڑی میں زمین پر چلنے کی صلاحیت بھی ہوگی اور گاڑی ٹریفک جام یا کسی حادثے کی صورت میں فوری سفر کے لئے پرواز بھر سکے گی۔
اُڑنے والی یہ گاڑی سو فیصد الیکٹریکل ہے جس میں 1 یا 2 مسافر سفر کرسکتے ہیں جبکہ اس کی قیمت تقریباً 3 لاکھ ڈالرز ہے۔
کمپنی کو اب تک ساڑھے 4 سو گاڑیوں کے آرڈر موصول ہوچکے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق کمپنی کو امید ہے کہ 2025 کے آخر تک صارفین کو اڑنے والی کاروں کی فراہمی شروع کر دی جائے گی