کویت اردو نیوز، 12جولائی: متحدہ عرب امارات کی ریاست ابوظہبی میں ایک غیرملکی خاتون کو ’مرد بیزار پراپیگنڈا‘ کرنے کے جرم میں کڑی سزا سنا دی گئی۔
اماراتی میڈیا کے مطابق اس خاتون کو سوشل میڈیا پر مردوں کے خلاف زہریلا اگلنے، پراپیگنڈا کرنے اور نفرت انگیز مواد پوسٹ کرنے کے جرم میں 5سال قید اور 5لاکھ درہم (تقریباً3کروڑ 71لاکھ روپے) جرمانہ اور سزا پوری کرنے کے بعد ملک بدری کی سزا سنائی گئی ہے۔
خاتون کی شناخت ’ایم آر آئی‘ کے نام سے بتائی گئی ہے، جس کے خلاف ابوظہبی کریمنل کورٹ میں مقدمہ چلایا گیا تھا۔
دستاویزات کے مطابق خاتون نے مردوں کے خلاف نفرت انگیز مواد پر مبنی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر اپلوڈ کی تھی۔
اتھارٹی نے جرم کے ارتکاب میں استعمال ہونے والے موبائل فون کو ضبط کرنے کا حکم دیا اور موبائل فون اور سوشل میڈیا اکاؤنٹ دونوں سے زیر بحث ویڈیو کلپ کو حذف کر دیا جس پر اسے پوسٹ کیا گیا تھا۔
سزا کے علاوہ، حکام نے اس خاتون کا سوشل میڈیا اکاؤنٹ بند کر دیا اور اس پر کسی بھی انفارمیشن نیٹ ورک، الیکٹرانک انفارمیشن سسٹم، یا انفارمیشن ٹیکنالوجی کے دیگر ذرائع استعمال کرنے پر مستقل پابندی عائد کر دی۔
خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات کے قانون میں اس جرم کی سزا پانچ سال قید اور کم سے 5لاکھ 45ہزار ڈالر جبکہ زیادہ سے زیادہ 20 لاکھ ڈالر جرمانہ ہے۔