کویت اردو نیوز، 12جولائی: دنیا کا سب سے بڑا بحری جہاز، آئیکون آف دا سیز ، جو ٹائٹینک سے 5 گنا بڑا ہے،تیار ہوگیا ہے اور اس کروز شپ میں سفر کو یادگار بنانے کے لیے تمام سہولتیں دستیاب کردی گئی ہیں۔
دنیا کے سب سے بڑے اس بحری جہاز میں 8 ہزار افراد کے سوار ہونے کی گنجائش ہے۔ ان میں 5610 مسافر جب کہ ڈھائی ہزار کے لگ بھگ جہاز کا عملہ ہوگا۔
دنیا کا یہ سب سے بڑا بحری جہاز 1200 فٹ لمبا اور 165 فٹ چوڑا ہے جس میں ایک ہزار پرتعیش کمرے موجود ہیں۔ اس جہاز میں 6 بڑے سوئمنگ پولز، کھیلوں کے میدان بھی موجود ہیں۔ بچوں اور بڑوں کیلئے الگ الگ سوئمنگ پولز اور تفریحی میدان رکھے گئے ہیں۔
آئیکون آف دا سیز میں شاپنگ مال سمیت 40 مختلف اقسام کے ہوٹلز، فوڈ کیفے ٹیریاز بھی موجود ہیں۔
فن لینڈ کی کمپنی کی جانب سے تیار کردہ آئکن آف دی سیز کو کھلے سمندروں میں آزمایا جا رہا ہے اور اب تک سینکڑوں میل تک ٹیسٹ کیا گیا ہے۔
اس کے انجن، بریک، شور کم کرنے کے نظام، تھرتھراہٹ اور اسٹیرنگ کو ہرطریقے سے جانچا جارہا ہے۔ پوری ٹیم اسے محفوظ بنانے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔
جانچ کے بعد بتایا جا رہا ہے کہ جنوری 2024 میں اس میں عام مسافر سوار ہوسکیں گے۔
اس جہاز کے پہلے تاریخی سفر کا مسافر بننے کیلئے ہزاروں افراد مہینوں پہلے اس سفر کے لیے پیشگی ٹکٹ بک بھی کرا چکے ہیں