کویت اردو نیوز،19ستمبر: ایک منفرد طریقہ کار میں، عمان سے جنوبی ہندوستان کے شہر چنئی جانے والی پرواز میں سوار 100 سے زائد مسافروں کو چنئی کسٹمز نے جمعہ کو بڑی مقدار میں سونا، آئی فونز، لیپ ٹاپ اسمگل کرنے کے الزام میں حراست میں لے لیا۔
مسقط سے چنئی جانے والی پرواز میں 113 مسافر بڑے پیمانے پر اسمگلنگ کے منصوبے میں ملوث تھے جسے کسٹم حکام نے الرٹ کر دیا۔
یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا جب مسافروں میں سے ایک نے اس معاملہ کا راز فاش کردیا جب کسٹم افسران اس سے پوچھ گچھ کر رہے تھے۔
ایک رپورٹ کے مطابق جب پرواز جمعرات کی صبح ایئرپورٹ پر پہنچی تو کسٹم حکام نے اسمگل شدہ سامان لے جانے کے شبہ میں 130 کے قریب مسافروں کو حراست میں لے لیا۔
جمعرات کو پہنچنے والے 186 مسافروں میں سے 113 مسافروں کے پاس نئے آئی فونز اور گوگل فون جیسے مہنگے گیجٹس پائے گئے۔
تحقیقات سے معلوم ہوا کہ ایک شخص نے اپنے ساتھی مسافروں کو بطور کیریئر استعمال کرتے ہوئے مہنگی اشیاء کی اسمگلنگ کی۔
جب تمام مسافروں کو حراست میں لے کر ان سے پوچھ گچھ کی گئی تو ایک مسافر نے قبول کیا کہ فلائٹ میں ایک ساتھی مسافر نے فون ان کے حوالے کیا تھا، جسکے بدلے چنئی ہوائی اڈے پر فون کی واپسی پر کمیشن، چاکلیٹ اور گڈیز کا وعدہ کیا تھا۔
چنئی ہوائی اڈے کے کسٹم حکام کو یہ اطلاع ملی تھی کہ مسقط سے چنئی ہوائی اڈے پر پہنچنے والی پرواز میں سو سے زیادہ مسافر بھاری مقدار میں سونا، آئی فون، لیپ ٹاپ اور زعفران سمگل کر رہے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ چونکہ یہ واضح نہیں تھا کہ ان میں سے کون اسمگلنگ ریکیٹ میں ملوث تھا، اس لیے تمام مسافروں کو روک کر گھنٹوں پوچھ گچھ کی گئی۔ جن میں سے 73 افراد کے اسمگلنگ کے معاملات میں ملوث نہ ہونے کی تصدیق ہوئی۔
اس کے بعد پولیس نے دیگر 113 مسافروں کی تلاشی لی۔ معلوم ہوا کہ وہ اپنے زیر جامہ کے اندر سونے کے نگٹس اور سونے کے کنگن چھپائے ہوئے تھے۔ ان کے سوٹ کیسز اور بیگ کی جانچ پڑتال پر کئی خفیہ کمپارٹمنٹ ملے جن میں 13 کلو سونا، 120 آئی فون، 84 اینڈرائیڈ فون، غیر ملکی سگریٹ اور لیپ ٹاپ چھپائے گئے تھے۔
ضبط شدہ اشیاء کی کل مالیت 14 کروڑ ہندوستانی روپے ( 647,697) عمانی ریال سے زیادہ ہے۔ جس کے بعد کسٹم حکام نے 113 افراد کے خلاف کسٹم ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے انہیں ضمانت پر رہا کر دیا۔